ڈالر کی قیمت 200 روپے سے بھی کم پر لائیں گے، اسحاق ڈار 

Oct 03, 2022 | 21:12:PM
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، ڈالر کی قیمت، بڑی کمی کی پیشگوئی،
کیپشن: اسحاق ڈار فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ڈالر کی قیمت میں بڑی کمی کی پیشگوئی کردی۔
 نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ ڈالر کی اس وقت جو قدر ہے، وہ حقیقی نہیں ہے۔ڈالر کی اصل قدر200 روپے سے کم ہے اور ڈالر 200 روپے سے کم ہوجائے گا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ اِس وقت ڈالربین الاقوامی طورپرمضبوط ہے لیکن اپنی پالیسیوں کے تحت ڈالر کو 200 روپے سے کم پرلائیں گے۔
دریں اثنا وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت سیلاب متاثرین کی نقد امداد سے ادائیگیوں کیلئے جائزہ اجلاس ہوا، وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، گورنر سٹیٹ بینک، صدر ایچ بی ایل، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری بی آئی ایس پی اور سینئر افسران نے شرکت کی۔
سیکرٹری بی آئی ایس پی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ تقریباً نوے فیصد مستحقین کو نقد امداد کی ادائیگی کی جا چکی ہے۔ دیگر مستحقین کو اگلے پانچ دنوں کے اندر ادائیگی مل جائے گی۔ اے ٹی ایم اور پی او ایس میں ادائیگی میں بدعنوانی کے بارے میں کچھ شکایات موصول ہوئی ہیں۔
گورنر سٹیٹ بینک اور صدر ایچ بی ایل نے بھی اجلاس کو صورتحال سے آگاہ کیا۔دوران بریفنگ بتایا گیا کہ سیلاب متاثرین میں ریلیف کیش کا بڑا حصہ تقسیم کیا گیا ہے۔
وزیر خزانہ نے سیلاب متاثرین کو ادائیگیوں میں کوتاہی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے ، سیلاب متاثرین کی امداد اور ریسکیو کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی ،سٹیٹ بنک اور حبیب بنک سیلاب کے اثرات کی شکایات کا ازالہ کریں۔
اسحاق ڈار نے کہاکہ متاثرین میں نقد امداد کی ہموار اور حقیقی تقسیم کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں، تمام مراکزپر نقدی کی دستیابی یقینی بنائی جائے، انہوں نے کہاکہ سائبر سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے نقدی تقسیم کے نظام کو مضبوط بنا یا جائے ، سیلاب متاثرین کو امدادی رقم کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت کا بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط