آج سے 5مئی تک بارشیں اورژالہ باری،الرٹ جاری

May 03, 2026 | 09:51:AM
آج سے 5مئی تک بارشیں اورژالہ باری،الرٹ جاری
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اقصیٰ شیخ، سعد راجہ)لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کی شدت میں کمی آ گئی۔

نیشنل ڈیزاسٹر منجمنٹ اتھارٹی نےآئندہ 3 روز کےدوران ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کےساتھ شدیدبارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کردیا، برفانی جھیلیں پھٹنے، لینڈسلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال کاخدشہ بھی ظاہر کیاگیاہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بارشیں برسانےوالا طاقتورسسٹم پاکستان میں داخل ہوچکاہے اورآج سے 5 مئی تک طوفانی بارشوں کے ساتھ ژالہ باری کا بھی خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اےکےمطابق بالائی علاقوں میں گلیشئرزپگھلنےسےبرفانی جھیلیں پھٹ سکتی ہیں،شدید بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ اورندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے،شدید موسمی حالات میں سڑکیں بند اور آمدورفت متاثر ہو سکتی ہے،مری،اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور،چکوال،جہلم،سیالکوٹ اور فیصل آبادسمیت پنجاب کے دیگرعلاقوں میں بارش کاامکان ہے۔
خیبرپختونخوا کےمختلف اضلاع ،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرمیں بھی بادل برسیں گے،خیبرپختونخوا کے بعض مقامات پر ژالہ باری کا خدشہ بھی ظاہرکیا گیا ہے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہےکہ وہ غیر ضروری سفر سےگریز کریں،مویشیوں اورقیمتی سامان کو محفوظ مقامات پرمنتقل کرنے کے ساتھ مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عملدرآمد بھی یقینی بنایا جائے۔

 لاہور کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا،محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ بارش تاج پورہ میں 8 ملی میٹر اور جوہر ٹاؤن میں 7 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے خدشے کے پیش نظر واسا حکام نے الرٹ جاری کر دیا ،ایم ڈی واسا غفران احمد نے تمام ٹاؤن ڈائریکٹرز کو اپنے اپنے علاقوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نکاسی آب کے لیے آپریشنل عملہ فیلڈ میں موجود رہے اور کسی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جائے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 25 جبکہ زیادہ سے زیادہ 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے،شہر میں دن بھر سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہے گی جبکہ بعض مقامات پر مزید بارش بھی متوقع ہے۔
اسلام آباد میں بھی بارش کے بعد موسم خوشگوارہوگیااور صبح کے اوقات میں درجہ حرارت 18 ڈگری ریکارڈ کیاگیا،وفاقی دارالحکومت میں درجہ حرارت 28 ڈگری تک جائے گا۔
محکمہ موسمیات کےمطابق گلگت بلتستان ،چترال اور بالائی خیبر پختونخوا میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا ،مری ،کشمیر ،ہزارہ ڈویژن میں شام کے اوقات بارش ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: ایران آئندہ ہفتے پاکستان میں مذاکرات کیلئے آمادہ ہوگیا؛امریکی اخبارکادعویٰ
دوسری طرف کراچی میں آج سے گرمی کی شدت مزید بڑھنے کی پیشگوئی کی گئی ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج درجہ حرارت 38 سے40ڈگری کے درمیان رہے گا،ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے اورشہرقائدمیں کل درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے،آج شہرمیں گرمی کی شدت 33 ڈگری تک محسوس کی جارہی ہے،مغرب سے 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواچل رہی ہے۔