تہران کو تباہی سے بچانے میں پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت کا اہم کردار ہے:ایرانی سفیر

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے  سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی ،جس میں علاقائی امن، پاک ایران تعلقات، تجارتی تعاون اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

Jun 03, 2026 | 15:47:PM
تہران کو تباہی سے بچانے میں پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت کا اہم کردار ہے:ایرانی سفیر
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( روزینہ علی)ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے گورنر ہاؤس اسلام آباد میں گورنر فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی، جس میں علاقائی امن، پاک ایران تعلقات، تجارتی تعاون اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کا خاتمہ اور خطے میں پائیدار امن وقت کی اہم ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ عالمی ترقی اور خوشحالی کا راز امن کے قیام میں مضمر ہے اور پاکستان ہمیشہ امن کے فروغ کے لیے کوشاں رہا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ اور دیرینہ دوست ملک ایران کی ترقی اور استحکام کا خواہاں ہے، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حالیہ تنازع میں ایرانی قوم کے اتحاد، صبر اور برداشت کے باعث ایران کو کامیابی حاصل ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل، وزیر اعظم، نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ عالمی امن کے قیام کے لیے فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ ایران میں امن اور استحکام سے دونوں ممالک کی معاشی ترقی کو فروغ ملے گا، انہوں نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکہ کو مذاکرات کی میز پر لانا پاکستان کی ایک اہم سفارتی کامیابی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:جی بی الیکشن:غذر میں امیدوار کا آنکھ کی جگہ سوٹ کیس کا نشان ملنے پر احتجاج

اس موقع پر انہوں نے خیبرپختونخوا اور ایران کے درمیان تجارتی و پارلیمانی وفود کے تبادلے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ایران کے تعاون سے معاشی ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

اس موقع پر ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایرانی قوم حالیہ صورتحال میں پاکستان کے مثبت کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، انہوں نے کہا کہ ایران کو بڑے پیمانے کی تباہی سے بچانے میں پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ مستقبل میں پاکستان اور ایران کے درمیان تیل اور دیگر اشیاء کی تجارت میں مزید اضافہ ہوگا، انہوں نے گوادر، بندر عباس اور کراچی کے درمیان تجارتی روابط اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی پورٹ پر ایران کے تیل کے کنٹینرز موجود ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:کویت اور بحرین ایران پر حالیہ امریکی حملوں کیلئے براہ راست ملوث ہیں:اسماعیل بقائی

ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا کہ اسرائیل خطے میں امن کے قیام کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے، جبکہ ایران اپنے ایٹمی معاملات میں قانونی حقوق سے دستبردار نہیں ہوگا۔

ملاقات کے اختتام پر ایرانی سفیر نے گورنر خیبرپختونخوا کو ایران کے دورے کی دعوت دی،بعد ازاں گورنر فیصل کریم کنڈی نے ایرانی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔

ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن اور خیبرپختونخوا اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کنڈی بھی موجود تھے۔