ملک بھر میں کوروناویکسی نیشن پروگرام کا آغاز

Feb 03, 2021 | 10:13:AM
ملک بھر میں کوروناویکسی نیشن پروگرام کا آغاز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)اسلام آباد،لاہور،کراچی اور پشاور سمیت ملک بھر میں بیک وقت کورونا ویکسینیشن مہم  کا آغاز کردیا گیا۔ اسلام آباد کے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین لگائی گئی اور خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈز بھی دی گئیں۔

اسلام آباد  کے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر  میں فرنٹ لائن ورکرز کو کورونا ویکسین لگانے کی مرکزی تقریب منعقد کی گئی جس میں ویڈیو لنک کے ذریعے چاروں وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ  نے شرکت کی۔این سی او سی میں ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین دی گئی اور اس موقع وفاقی وزیر اسد عمر، فواد چودھرری، چینی سفیر اور این سی او سی کے حکام سمیت طبی عملہ بھی موجود تھا۔

 وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور سربراہ این سی او سی  اسد عمر  کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  کہنا تھا کہ  کورونا صورتحال میں پاکستان کی حکمت عملی کامیاب رہی،عوام کے تعاون اور حکومت کی کوششوں سے کورونا پر قابو پایا، ملک پر مشکل وقت آیا، ہم نے مل کر مقابلہ کیا۔ چین نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی، دونوں ممالک کی دوستی مثالی ہے۔ مشکل صورتحال میں چین کے تعاون پر شکر گزار ہیں۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا  کہ چین کی ویکسین سائنو فارم 86 فیصد تک موثر ہے، پاکستان کی 22 کروڑ آبادی میں صرف 10 کروڑ افراد کو لگائی جائے گی، اٹھارہ سال سے کم عمر افراد کو ویکسین نہیں دی جائے گی۔

اس کے علاوہ کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ نے اوجھا ہسپتال میں ویکسی نیشن کا آغاز کیا  جہاں تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت نےکہا کہ ویکسین لگانا قومی فریضہ ہے تاہم ویکسین لگانے کے بعد بھی ماسک کا استعمال ضرور کیا جائے۔ادھر کے پی کے میں  وزیراعلیٰ محمود خان نے بھی ویکسی نیشن کے عمل کا افتتاح کیا اور طبی عملے کو شیلڈز تقسیم کیں۔

واضح رہے کہ لاہور میں میو ، سروسز، جنرل، میاں میر ہسپتال سمیت 20 سے زائد سنٹرز بنا دئیے گئے ہیں ۔ میو ہسپتال میں 6 ہزار ہیلتھ ورکرز کو رونا ویکسین لگے گی۔کراچی میں ویکسین کی 83 ہزار سے زائد خوراکیں نجی ائیر لائن کے ذریعے پہنچائی گئیں جنہیں پولیس اور رینجرز کی سکیورٹی میں کولڈ سٹوریج منتقل کیا گیا۔ نیو کراچی چلڈرن ہسپتال میں ویکسینیشن کیلئے موک ایکسرسائز کی گئی۔کوئٹہ سمیت بلوچستان میں 44 ویکسینیشن سنٹرز تجویز کئے گئے ہیں.

یاد رہے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں کورونا ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ دوست ملک چین کے مشکور ہیں۔ تمام صوبوں میں ویکسین منصفانہ طور پر تقسیم ہوگی۔