پر امن مقاصد کیلئے جوہری توانائی ایران کا حق،پاکستان مؤقف کیساتھ کھڑا ہے: وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
( 24 نیوز ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایران کو پر امن مقاصد کیلئے جوہری توانائی کے حصول کا حق حاصل ہے، پاکستان ایران کے اصولی مؤقف کے ساتھ کھڑا ہے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایران کے صدر اور وفد کو پاکستان خوش آمدید کہتے ہیں، صدر مسعود پزشکیان پہلی بار پاکستان تشریف لائے ہیں، پہلی بار پاکستان آمد پر آپ اور آپ کے وفد کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں
انہوں نے کہا کہ ایران ہمارا انتہائی برادر اور دوست ملک ہے، ایرانی صدر کے ساتھ باہمی تعلقات کے تمام پہلوؤں پر سیر حاصل گفتگو کی ہے، مسعود پزشکیان کے پاکستان کے عوام کیلئے جذبات قابل قدر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف پاکستان کے 24 کروڑ عوام نے بھرپور مذمت کی، اسرائیل کی ایران پر جارحیت کا کوئی جواز نہیں تھا، ایران کی لیڈر شپ نے ملک کا بھرپور دفاع کیا، ایران کی لیڈر شپ اور فوج نے بہادری سے اسرائیل کا مقابلہ کیا، ایرانی میزائلوں کے بارش نے اسرائیلی ڈیفنس سسٹم کو ناکارہ بنا دیا۔
یہ بھی پڑھیں:مفت سولر کی فراہمی ،حکومت نے شہریوں سے درخواستیں طلب کرلیں
شہباز شریف نے کہا کہ ایران کو پر امن مقاصد کیلئے جوہری توانائی کے حصول کا حق حاصل ہے، پاکستان ایران کے اصولی مؤقف کے ساتھ کھڑا ہے۔ جنگ میں زخمی ہونے والے ایرانی بہن، بھائیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج ہم نے کئی ایم اویوز پر دستخط کئے ہیں، مفاہمتی یادداشتیں جلد معاہدوں کی شکل اختیار کریں گے، پاکستان اورایران کے درمیان 10 ارب ڈالر کی تجارت کا ہدف مقرر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان اورایران کی سوچ اور مؤقف ایک ہے، کسی قسم کی دہشت گردی کو برداشت نہیں کیا جا سکتا، ہمارے بارڈرز کئی سو کلومیٹر پر محیط ہیں، ہم اپنے بارڈرز پر دہشت گردی کے خلاف بھرپوراقدامات کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں بدترین قسم کا ظلم وستم جاری ہے، غزہ میں بے گناہ لوگوں کا خون بہایا جا رہا ہے، ایران کے سپریم لیڈر اورایرانی صدر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ایرانی سپریم لیڈراورایرانی صدر نے غزہ کے مظلوم مسلمانوں کیلئے ہمیشہ آواز اٹھائی، پاکستان نے بھی غزہ کیلئے بھرپورآواز بلند کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ غزہ کی کوئی گلی خون سے آزاد نہیں، غزہ میں ہر جگہ ماؤں، بچوں اور جوانوں کے خون سے رنگین ہے، غزہ میں امداد کو روک دیا گیا، فاقہ کشی پر مجبور کر دیا گیا ہے، آج پوری اسلامی دنیا کو یک زبان ہو کر غزہ کیلئے آواز اٹھانی چاہیے، غزہ میں امن کیلئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لانا ہوں گی، ہم نے غزہ کیلئے آواز نہ اٹھائی تو دنیا ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر کی وادی میں صورتحال غزہ سے کچھ مختلف نہیں، دن رات کشمیریوں کا خون بہایا جا رہا ہے، کشمیر کی وادیاں ان کے خون سے سرخ ہو چکی ہیں، کشمیریوں کو وہی آزادی کا حق حاصل ہونا چاہیے جو پوری دنیا کو حاصل ہے، کشمیر کی آزادی کے بغیر تحریک آزادی مکمل نہیں ہوگی، پاکستان نے ہمیشہ کشمیر کیلئے آواز اٹھائی اور اٹھاتا رہے گا، کشمیر کی آزادی کیلئے آواز اٹھانے پر ایران کے شکرگزار ہیں۔
امن کیلئے مسلمان ممالک کو متحد ہونا چاہیے: ایرانی صدر مسعود پزشکیان
اس موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ مہمان نوازی پر وزیراعظم شہبازشریف اور پاکستانی قوم کا شکر گزار ہوں، پاکستان کے علما کرام اور سیاسی قیادت سے مفید گفتگو ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف بھرپور حمایت پر پاکستانی قوم کا دل سے شکرگزار ہیں، عصر حاضر میں امت مسلمہ کے اتحاد کی سخت ضرورت ہے، پاکستان اورایران کے تعلقات مشترکہ ثقافت اور مذہب پر مبنی ہیں۔
ایرانی صدر نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری ہمارے لئے بھی مشعل راہ ہے، شاعرمشرق علامہ اقبال کی شاعری کی اساس امت مسلمہ کا اتحاد ہے، پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ایران کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے، دوطرفہ تعلقات کو مختلف جہتوں میں آگے بڑھا رہے ہیں، سیاسی، اقتصادی، ثقافتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا ترجیح ہے۔
مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ اہمیت کا حامل ہے، پاکستان کے ساتھ روابط اور مفاہمتی یادداشتوں کو حتمی شکل دینے کیلئے پرعزم ہیں، مشترکہ اقتصادی زونز کے قیام اور سرحدی تجارت کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، سرحدی سکیورٹی کو بہتر بنانے کیلئے دوطرفہ تعاون جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی امن اور ترقی کا آپس میں گہرا تعلق ہے، اسرائیل خطے کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، غزہ، لبنان اور شام میں جارحیت اسرائیلی مذموم عزائم کا حصہ ہیں، امن کیلئے مسلمان ممالک کو متحد ہونا چاہیے، اسرائیل کی جارحیت خطے کے امن کو داؤ پر لگا رہی ہے، سلامتی کونسل اسرائیلی مظالم پر نوٹس لے۔
آخر میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف کو دورہ ایران کی دعوت دی۔
پاکستان اور ایران کے درمیان کل 13 معاہدوں ، ایم اویوز کی دستاویز کا تبادلہ
پاکستان اور ایران کے درمیان کل 13 معاہدوں اور ایم او یوز کی دستاویز کا تبادلہ کیا گیا۔
وزیر اعظم ہاؤس میں پاکستان اور ایران کے درمیان معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط اور دستاویز کے تبادلے کی تقریب ہوئی۔ پاکستان اور ایران کے درمیان کل 13 معاہدوں اور ایم اویوز کی دستاویز کا تبادلہ کیا گیا۔

پاکستان اور ایران کے درمیان سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں علیحدہ علیحدہ معائدوں کی دستاویز کا تبادلہ کیا گیا۔ پاکستان اور ایران کے درمیان سیاحت، ثقافت و ورثہ کے تبادلہ کے لئے معاہدہ کیا گیا۔
دونوں ممالک کے درمیان میٹرالوجی، موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے شعبے میں معائدے کی دستاویز کا تبادلہ کیا گیا۔ میری ٹائم سیفٹی اینڈ فائر فائٹنگ کے شعبے میں تعاون کا معائدہ کی دستاویز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔
پاکستان اور ایران کے درمیان عدالتی معاونت اور اصلاحات ایم او یو کی دستاویز کا تبادلہ کیا گیا۔ 2013میں دونوں ممالک کے درمیان ائیر سیفٹی معائدے کے ذیلی ایم او یو کی دستاویز کا تبادلہ کیا گیا۔
اسی طرح مصنوعات کے معیارات پر عملدرآمد کے معائدے کی دستاویز کا تبادلہ کیا گیا ، پاکستان اور ایران کے درمیان سیاحتی اور ثقافتی تعاون کے شعبے میں معائدہ بھی کیا گیا۔
دونوں ممالک کے درمیان فری ٹریڈ ایگریمنٹ پر عملدرآمد کے لئے مشترکہ اسٹیٹمنٹ کی تیاری کےلئے معائدہ بھی کیا گیا۔