کمشنر کراچی کی زیر صدارت دودھ کی قیمتوں کے تعین سے متعلق اجلاس بغیر نتیجہ ختم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(کاوش میمن)شہریوں کےلیے دودھ کی قیمتیں بڑھیں گی یا نہیں اس سلسلے میں کمشنر کراچی کی زیرصدار اجلاس میں کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔
تفصیلات کے مطابق کمشنرکراچی کی زیرصدارت دودھ کی قیمتوں سے متعلق اجلاس بےنتیجہ ختم ہوگیا، ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن اور دیگراسٹیک ہولڈرز نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں دودھ کی فی لیٹر قیمت کے تعین پر غور کیا گیا،جون 2024 میں دودھ کی قیمت ریٹیلرز کے لیے 220 روپے فی لیٹر مقرر ہوئی تھی، ڈیری فارمرز کے لیے 195 روپے اور ہول سیلرز کے لیے 205 روپے مقرر کی گئی تھی۔
ڈیری فارمرز نے دودھ کی قیمت میں 40 روپے لیٹر اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے ریٹیلرز اور ہول سیلرز نے 35 روپے فی لیٹر اضافہ مانگ لیا،مالکان کا موقف تھا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے۔
فریقین قیمتوں کے حوالے سے کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکے۔
اجلاس میں دودھ کی ٹنکیوں کی تبدیلی پر بھی بات ہوئی، سندھ فوڈ اتھارٹی کے نمائندے نے کہا کہ ایسی ٹنکیاں استعمال ہو رہی ہیں جو دودھ کی تازگی کے خلاف ہیں،جس پر دودھ فروشوں کا کہنا تھا کہ فوری طور پر ٹنکیاں تبدیل کرنے کی پوزیشن میں نہیں،
کمشنر کراچی نے کہا کہ فوری تبدیلی کا نہیں کہا جا رہا، البتہ مرحلہ وار تبدیلی کی جائے،کمشنر نے ہدایت کی کون سی دھات کی ٹنکی استعمال ہونی چاہیے اس پر رپورٹ تیار کی جائے ،چھ ماہ میں ٹنکیوں کی تبدیلی کو ممکن بنانے کی کوشش کی جائے گی۔