مصری شخص نے دانتوں سے بحری جہاز کھینچ کر عالمی ریکارڈ قائم کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)مصر سے تعلق رکھنے والے ایک پہلوان نے 700 ٹن (6 لاکھ 34 ہزار کلوگرام) وزنی بحری جہاز کو رسی کے ذریعے دانتوں سے کھینچ کر عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
44 سالہ اشرف مہروز مصر کے ساحلی علاقے غردقہ میں ایسا کرکے دکھایا۔
اشرف مہروز کی عرفیت Kabonga ہے اور مصری انہیں اسٹرونگ مین بھی کہتے ہیں۔
انہوں نے بعد میں 1150 ٹن (10 لاکھ 43 ہزار کلوگرام) وزنی 2 جہازوں کو کھینچنے میں بھی کامیابی حاصل کی۔
اس کے بعد اشرف مہروز نے کہا کہ میں نے عالمی ریکارڈ توڑ دیا ہے اور دونوں جہازوں کو دانتوں سے کھینچا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ میں اپنے دوستوں اور پوری دنیا کے سامنے یہ ثابت کرنے میں کامیاب رہا کہ اللہ نے مجھے دنیا کا مضبوط ترین انسان بنایا ہے۔
ان کی جانب سے اب جہاز کھینچنے کی ویڈیوز اور تصاویر کو گنیز ورلڈ ریکارڈز میں بھیجا جائے گا تاکہ پرانے ریکارڈ کی جگہ ان کا نام درج ہوسکے۔
ابھی گنیز ورلڈ ریکارڈز میں 2018 میں قائم کیا گیا ریکارڈ موجود ہے جب 614 ٹن وزنی جہاز کو دانتوں سے کھینچا گیا تھا۔
اس سے قبل مارچ 2025 میں انہوں نے 279 ٹن وزنی ٹرین کو رسی کے ذریعے دانتوں سے لگ بھگ 10 میٹر تک کھینچا تھا اور سب سے وزنی ٹرین کو کھینچنے کا گنیز ریکارڈ قائم کر دیا تھا۔
3 سال قبل انہوں نے 15 ہزار 730 کلوگرام وزنی ٹرک کو دانتوں سے کھینچا تھا۔
مزید پؔڑھیں:اسرائیل کا گلوبل صمود فلوٹیلا پردھاوا، عملے کے ارکان کو حراست میں لے لیا
155 کلوگرام جسمانی وزن کے مالک اشرف مہروز نے بھاری جہازوں کو کھینچنے کے لیے کافی سخت تربیت حاصل کی۔
وہ روزانہ 6 گھنٹوں تک تربیت حاصل کرتے جبکہ پروٹین اور آئرن سے بھرپور غذا کا استعمال کرتے، جس میں کم از کم ایک درجن انڈے، 2 پوری مرغیاں اور 5 کلو مچھلی شامل ہوتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ 9 سال کی عمر سے بھاری چیزوں کو پیسوں کے لیے اٹھانے لگے تھے۔
عمر میں اضافے کے ساتھ انہوں نے کنگفو، کک باکسنگ اور ریسلنگ کی تربیت حاصل کی اور وہ ایک گاڑی کو محض ایک انگلی سے دھکا دے سکتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ سپلیمنٹس کا استعمال نہیں کرتے بلکہ اچھی غذا اور نیند کے ساتھ روزانہ 2 بار ورزش کرتے ہیں۔
اب وہ دانتوں سے آبدوز کو کھینچنے کے خواہشمند ہیں جس کے لیے وہ مصری حکومت سے اجازت طلب کریں گے جبکہ ایک دن وہ اپنی آنکھوں کے مسلز سے طیارے کو کھینچنے کے بھی خواہشمند ہیں۔