90 روز میں انتخابات نہ کرانے کا کیس، آج کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری

Nov 02, 2023 | 16:37:PM
90 روز میں انتخابات نہ کرانے کا کیس، آج کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(امانت گشکوری)اسمبلیاں تحلیل کرنے کے 90 روز  بعد انتخابات نہ کرانے کے کیس کی آج کی سماعت کا سپریم کورٹ نے تحریری حکمنامہ جاری کر دیا۔

سپریم کورٹی کے حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ حلقہ بندیوں کا عمل چل رہا ہے، حلقہ بندیوں کا عمل 30 نومبر کو مکمل ہوگا، حتمی حلقہ بندیوں کی اشاعت 5 دسمبر کو ہوگی، حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہونے پر الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول کا اعلان کرے گا،الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی پروگرام 29 جنوری کو جاری کیا جائے گا،

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ عوامی شمولیت بڑھانے کیلئے عام انتخابات اتوار کو کرائے جائیں گے، الیکشن کمیشن کے مطابق ٹائم فریم کے مطابق پہلا اتوار 4 فروری کو بنتا ہے،سیاسی جماعتوں کو اپنا منشور عوام تک پہنچانے کیلئے الیکشن کمیشن نے 11 فروری کو عام انتخابات کی تاریخ تجویز کی۔

 سپریم کورٹ کے حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان صدر مملکت سے آج ہی ملاقات کرے،الیکشن کمیشن آج ہی صدر مملکت سے ملاقات کر کے عام انتخابات کی تاریخ دے، اٹارنی جنرل صدر مملکت سے الیکشن کمیشن کی ملاقات کا انتظام کریں،اٹارنی جنرل اس عدالت کا 23 اکتوبر کا حکمنامہ صدر کو دیں اور معاونت کریں،

امید کرتے ہیں کہ انتخابات کی تاریخ کا معاملہ خوش اسلوبی سے طے پا جائے گا،انتخابات کی تاریخ کا تعین کر کے عدالت کو کل 3 نومبر کو آگاہ کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:ہم نے پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کو ایک کر دیا، چیف جسٹس