خاران؛ڈیم پر کام کرنے والے دو افراد اغوا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(عیسیٰ ترین ) خاران میں نامعلوم مسلح افراد نے گروک ڈیم کے منصوبے پر کام کرنے والے دو ملازمین کو اغوا کر لیا، پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ کراچی-خاران روڈ پر سراوان کے مقام پر پیش آیا جہاں ملزمان نے ناکہ بندی کر رکھی تھی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے ڈیم پر کام کرنے والے چار غیر مقامی افراد کو ویگو گاڑی سمیت حراست میں لیا، تاہم بعد ازاں دو افراد کو چھوڑ دیا گیا جبکہ دو ملازمین کو گاڑی سمیت اغوا کر کے لے جایا گیا۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ خاران شہر سے تقریباً 15 کلومیٹر دور پیش آیا۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب کوئٹہ میں سینٹرل پولیس آفس کی جانب سے تھریٹ الرٹ کے حوالے سے مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں بلوچستان اور کراچی میں دہشت گردی کے ممکنہ خطرے سے آگاہ کیا گیا ہے۔
مراسلے کے مطابق کالعدم دہشت گرد تنظیم نے بلوچستان اور کراچی میں نئی منصوبہ بندی کی ہےجس کے پیش نظر سیکیورٹی خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز، پٹرول پمپس، بینکوں اور پولیس اسٹیشنز ممکنہ اہداف ہو سکتے ہیں، جبکہ حملوں میں خودکش بمباروں کے استعمال کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
آئی جی بلوچستان نے تمام ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز کو سیکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ پولیس افسران پانچ روز کے اندر سیکیورٹی اقدامات سے متعلق رپورٹ سینٹرل پولیس آفس میں جمع کرائیں۔