سابق پولیس انسپکٹر عابد باکسر کیخلاف مقدمات خارج، بری کر دیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(جمال الدین جمالی)سابق پولیس انسپکٹر عابد باکسر کے خلاف درج مقدمات کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، مقامی عدالت نے ان کے خلاف درج تینوں مقدمات کو خارج کرتے ہوئے انہیں بری کر دیا ہے، جس کا تحریری فیصلہ جوڈیشل مجسٹریٹ ماڈل ٹاؤن کورٹس نے جاری کیا۔
ایف آئی آر کے مطابق سی آئی اے پولیس نے 13 اکتوبر 2023 کو اشتہاری ملزم عمران کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا، رپورٹ میں کہا گیا کہ عابد باکسر چھت پر موجود تھے جبکہ عمران گیٹ کے قریب کھڑا تھا۔ الزام تھا کہ عابد باکسر نے عمران کو آواز دے کر فرار کروایا اور بعد ازاں اپنے گن مینوں کے ساتھ پولیس اہلکاروں سے جھگڑا کیا، حتیٰ کہ سرکاری اسلحہ چھیننے اور تشدد کرنے کے الزامات بھی عائد کیے گئے۔
ان واقعات کی بنیاد پر تھانہ فیصل ٹاؤن، داتا دربار اور باغبانپورہ میں دہشت گردی سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔ تاہم انسداد دہشت گردی عدالت نے دہشت گردی کی دفعات ختم کر دیں، جس کے بعد مقدمات ماڈل ٹاؤن کچہری منتقل ہو گئے۔
عدالت نے شواہد پیش کرنے کے لیے پولیس کو متعدد نوٹسز جاری کیے، مگر پولیس کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہ کر سکی۔ اس بنیاد پر عدالت نے عابد باکسر کو بری کرتے ہوئے ان کا ضبط شدہ اسلحہ بھی واپس کرنے کا حکم دیا۔
دوسری جانب انویسٹی گیشن پولیس نے بھی شواہد نہ ملنے پر داتا دربار اور باغبانپورہ کے مقدمات خارج کر دیے۔ ذرائع کے مطابق اشتہاری عمران ایک سال بعد گرفتار ہوا اور اس نے بیان دیا کہ وقوعہ کے وقت وہ افغانستان میں موجود تھا، جبکہ بعد میں وہ مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں 2 سے 3 فیصد تک کمی