لاہور ہائیکورٹ بار انتخابات تنازع؛پروفیشل اور انڈیپنڈنٹ گروپ میں بائیومیٹرک سسٹم کا فرانزک آڈٹ کرانے پر اتفاق

Mar 02, 2026 | 21:38:PM
لاہور ہائیکورٹ بار انتخابات تنازع؛پروفیشل اور انڈیپنڈنٹ گروپ میں بائیومیٹرک سسٹم کا فرانزک آڈٹ کرانے پر اتفاق
کیپشن: لاہور ہائیکورٹ بار انتخابات، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ملک اشرف)لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے نتائج سے متعلق جاری تنازع میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پروفیشنل گروپ اور انڈیپنڈنٹ گروپ کے درمیان باضابطہ معاہدہ طے پا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں وکلاء گروپوں کے رہنماؤں کے درمیان مذاکرات کے بعد بائیو میٹرک سسٹم کا فرانزک آڈٹ کرانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اس مقصد کیلئے دو رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس میں انڈیپنڈنٹ گروپ کی جانب سے وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل پیر مسعود چشتی جبکہ پروفیشنل گروپ کی جانب سے ممبر پاکستان بار کونسل شفقت محمود چوہان شامل ہیں۔دونوں رہنماؤں پر مشتمل کمیٹی فرانزک کے طریقہ کار اور متعلقہ ادارے کا تعین کرے گی۔ کمیٹی کی معاونت سیکرٹری ہائی کورٹ بار قاسم اعجاز سمراء کریں گے۔ کمیٹی کا پہلا اجلاس کل منعقد ہوگا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جائے گی۔

معاہدے کے تحت طے پایا ہے کہ بائیو میٹرک سسٹم اور کمپیوٹر سرور کا مکمل فرانزک آڈٹ کرایا جائے گا اور فرانزک کے نتیجے میں جو بھی فیصلہ سامنے آئے گا، اسے دونوں گروپ تسلیم کریں گے۔ اگر فرانزک میں کمپیوٹر یا سرور میں کسی خرابی یا بے ضابطگی کی نشاندہی ہوئی تو لاہور ہائیکورٹ بار کے انتخابات دوبارہ کرائے جائیں گے، تاہم اگر کوئی خرابی ثابت نہ ہوئی تو انتخابی نتیجہ من و عن تسلیم کر لیا جائے گا۔

معاہدے پر دونوں وکلاء گروپوں کے سرکردہ رہنماؤں کے دستخط موجود ہیں جن میں سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن و وکیل رہنما احسن بھون ، پیر مسعود چشتی، شفقت محمود چوہان، سابق صدر لاہور ہائیکورٹ بار ملک آصف نسوانہ، اشتیاق اے خان، رانا ضیاء عبدالرحمان، ممبر پاکستان بار کونسل عامر سعید راں اور سابق صدر لاہور ہائیکورٹ بار اسد منظور بٹ شامل ہیں۔وکلاء حلقوں میں اس معاہدے کو تنازع کے حل کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ فرانزک آڈٹ کے بعد صورتحال واضح ہو جائے گی اور بار کے معاملات معمول پر آ سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی ناقص کارکردگی، علیم ڈار سلیکشن کمیٹی سے مستعفی ہوگئے