پی ایم اینڈ ڈی سی کاایم ڈی کیٹ کے نظام میں وسیع اصلاحات لانے کا فیصلہ
کونسل کا مقصد امتحانی نظام کو عالمی معیار کے مطابق، جدید، شفاف اور میرٹ پر مبنی بنانا ہے، آئندہ ایک سے دو ہفتوں میں اصلاحاتی فریم ورک کی تیاری مکمل کر لی جائے گی:ذرائع
Stay tuned with 24 News HD Android App
(بابر شہزاد تُرک)پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) کے نظام میں وسیع اصلاحات لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
24 نیوز کو دستیاب دستاویزات اور پی ایم اینڈ ڈی سی سے منسلک باوثوق ذرائع کے مطابق کونسل کا مقصد امتحانی نظام کو عالمی معیار کے مطابق، جدید، شفاف اور میرٹ پر مبنی بنانا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایم اینڈ ڈی سی نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ ایک سے دو ہفتوں میں اصلاحاتی فریم ورک کی تیاری مکمل کر لی جائے گی، اس فریم ورک میں گزشتہ ماہ 26 اکتوبر کو منعقدہ ایم ڈی کیٹ 2025 کے دوران سامنے آنے والی شکایات، تکنیکی خامیوں اور امتحانی مشکلات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا تاکہ آئندہ ایم ڈی کیٹ میں ان مسائل کا مؤثر حل ممکن بنایا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق فریم ورک کی تیاری کے بعد رواں ماہ نومبر میں اصلاحات کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں ایم ڈی کیٹ کے مستقبل سے متعلق حتمی سفارشات پیش کی جائیں گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ اصلاحاتی فریم ورک میں امتحانی نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ بنانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ نتائج کی شفافیت، غلطیوں میں کمی اور سوالات کے معیار میں بہتری لائی جا سکے، مزید یہ کہ ایم ڈی کیٹ کا نیا امتحانی ماڈل بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈیزائن کیا جائے گا، جس میں طلبا کی تنقیدی سوچ، ذہنی صلاحیت، اور علم کے عملی اطلاق کی جانچ پر توجہ دی جائے گی۔
پی ایم اینڈ ڈی سی کے اعلیٰ حکام کے مطابق یہ اصلاحات نہ صرف امتحان کے طریقہ کار کو بہتر بنائیں گی بلکہ ملک بھر کے میڈیکل و ڈینٹل اداروں کیلئے یکساں معیار اور شفاف نظام کی بنیاد رکھیں گی۔