کانزفلم فیسٹیول میں فلسطینی فوٹوجرنلسٹ فاطمہ حسونہ کے لیے خصوصی اعزاز
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں شہید ہونے والی فلسطینی فوٹو جرنلسٹ فاطمہ حسونہ کو کانز فلم فیسٹیول میں اعزاز سے نوازا جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کانز فلم فیسٹیول 23 سالہ فلسطینی صحافی فاطمہ حسونہ کے اشتراک سے بنائی جانے والی دستاویزی فلم"پٹ یور سول آن یور ہینڈ اینڈ واک" کی نمائش کے ذریعے انہیں اعزاز سے نوازے گا۔
فلسطینی فوٹو جرنلسٹ فاطمہ حسونہ نے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں معروف کانز فلم فیسٹیول میں منتخب ہونے والی دستاویزی فلم میں اہم کردار ادا کیا تھا، اس فلم کی ہدایتکاری ایرانی ہدایت کار سپیدہ فارسی نے کی ہے۔

دستاویزی فلم"پٹ یور سول آن یور ہینڈ اینڈ واک" کی نمائش کانز فلم فیسٹیول کے اے سی آئی ڈی شو میں کی جائے گی جو 13 مئی 2025ء سے 24 مئی 2025ء کے درمیان منعقد کیا جائے گا۔
اس دستاویزی فلم میں فاطمہ حسونہ اور سپیدہ فارسی کے درمیان فلسطین میں جاری اسرائیلی حملوں اور ان کے اثرات سے متعلق ہونے والی بات چیت کوبھی دکھایا گیا ہے۔
کانز فلم فیسٹیول کی جانب سے جاری بیان میں فوٹو جرنلسٹ کی موت پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ فلم اس سانحے کے سامنے بہت معمولی ہے، جس نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا،اس کی نمائش 15 مئی کو کانز فلم فیسٹیول کے اے سی آئی ڈی میں کی جائے گی، اس فلم کے ذریعے نوجوان خاتون صحافی کو اعزاز پیش کیا جارہا ہے جو دیگر فلسطینیوں کی طرح اس جنگ کی زد میں آگئیں۔
واضح رہے کہ فاطمہ حسونہ 16 اپریل کو ہونے والے اسرائیلی فضائی حملے میں اپنے خاندان کے 9 افراد سمیت شہید ہوگئی تھیں،فاطمہ حسونہ کی حال ہی میں منگنی ہوئی تھی اور وہ فرانسیسی سفارت خانے کے ذریعے پیرس جانے کے انتظامات کر رہی تھیں۔