بینک مینجر کے ہاتھوں مالی فراڈ کا شکار نابینا خاتون کو ایک کروڑ 92 لاکھ روپے کی رقم واپس مل گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احتشام کیانی)بینک مینجر کے ہاتھوں مالی فراڈ کا شکار نابینا خاتون کو ایک کروڑ 92 لاکھ روپے کی رقم واپس مل گئی،اسلام آباد ہائیکورٹ نے بقایا رقم کے ازالے کیلئے بینک مینجر کی دونوں گاڑیاں نابینا خاتون کے حوالے کرنے کا حکم دیدیا،عدالت نے ایف آئی اے کو رمیز جاوید کی دونوں گاڑیاں ریکور کر کے تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیدیا۔
جسٹس اعظم خان اور جسٹس انعام امین منہاس نے رقم ریکوری کی متفرق درخواست پر سماعت کی،رقم ریکوری کیلئے درخواست دائر کرنے والی خاتون درخشاں مرزا عدالت میں پیش ہوئیں ،خاتون درخشاں مرزا نے کہاکہ آپ دونوں ججز صاحبان کا بہت بہت شکریہ۔
اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عظمت بشیر تارڑ نے کہاکہ پہلی رقم 1 کروڑ 59 لاکھ ان کو موصول ہو چکی ہے، گزشتہ روز 28 لاکھ کا ایک جبکہ 5 لاکھ 30 ہزار کا دوسرا چیک موصول ہو چکا ہے،دونوں گاڑیاں ایک ہفتے میں ریکور کروا کے دیں گے۔
بینک مینجر رمیز جاوید کروڑوں روپے کے فراڈ کیس میں سزا یافتہ اور اڈیالہ جیل میں قید ہیں،بینک مینجر پر خاتون درخشاں مرزا کی دو کروڑ سے زائد رقم ہڑپ کرنے کا الزام ہے۔
ٹرائل کورٹ نے بینک مینجر رمیز جاوید پر جرم ثابت ہونے پر پانچ سال قید کی سزا سنائی تھی،اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے رمیز جاوید کی سزا کے خلاف اپیل بھی مسترد کر دی،سزا مسترد کرنے کے فیصلے میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے رقم کی ریکوری کا بھی آرڈر کیا تھا،مکمل رقم نہ ملنے پر درخشاں مرزا نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کی تھی۔
عدالت نے ایف آئی اے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 7 جولائی تک ملتوی کر دی۔
یہ بھی پڑھیں:نہ قطار نہ انتظار! وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہریوں کو خوشخبری سنا دی