پی ٹی آئی 26 نومبر احتجاج ؛وکلاء صفائی کی عدم دستیابی پر اسٹیٹ کونسل مقرر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(حاشر احسن) اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی جانب بانی کی رہائی کیلئے26 نومبر احتجاج کے مقدمہ نمبر 976/24 میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ، عدالت نے وکلاء صفائی کی عدم دستیابی پر اسٹیٹ کونسل مقرر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے وکیل علی بخاری کی جگہ محمد الیاس صدیقی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کو بطور دفاعی وکیل مقرر کیا، جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں سماعت کے دوران، ملزمان کی جانب سے محمد الیاس صدیقی کے کلرک عدالت میں پیش ہوئے اور مہلت کی درخواست کی۔ اس موقع پر اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر محمد عثمان رانا نے اعتراض اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ابھی تک کسی وکیل کا وکالت نامہ عدالت میں جمع نہیں کروایا گیا، جب کہ پراسیکیوشن کے گواہان عدالت میں موجود ہیں۔
انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمان دانستہ طور پر ٹرائل میں تاخیر کا سبب بن رہے ہیں، لہٰذا عدالت سے استدعا کی گئی کہ مقدمے کی کارروائی کو بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے سٹیٹ کونسل مقرر کیا جائے۔
عدالت نے اس مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ویسٹ اسلام آباد کو سٹیٹ کونسل کی تقرری کے لیے مراسلہ جاری کر دیا۔ جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ویسٹ اسلام آباد نے مقدمہ نمبر 976/24 میں کفایت اللہ ایڈووکیٹ کو بطور سٹیٹ کونسل مقرر کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 10 محرم کے بعد پارٹی احتجاج کا لائحہ عمل دے گی، علیمہ خان