شبمن گل نے عظیم بلے باز سر گیری سوبرز کا 59 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ دیا

Aug 01, 2025 | 19:04:PM
 شبمن گل نے عظیم بلے باز سر گیری سوبرز کا 59 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ دیا
کیپشن: شبمن گل، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)بھارت کے ٹیسٹ کپتان شبمن گل نے انگلینڈ کے خلاف دی اوول میں جاری پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے دن تاریخی کارنامہ انجام دے کر ویسٹ انڈیز کے عظیم بلے باز سر گیری سوبرز کا 59 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔

شبمن گل نے SENA ممالک (جن میں جنوبی افریقہ، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا شامل ہیں) میں کسی غیر ملکی کپتان کی جانب سے ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ سر گیری سوبرز نے 1966 کی انگلینڈ ویسٹ انڈیز سیریز میں 722 رنز بنائے تھے جبکہ شبمن گل کو یہ ریکارڈ توڑنے کے لیے صرف ایک رن درکار تھا۔ انہوں نے اننگز کی چھٹی گیند پر دو رنز بنا کر یہ سنگِ میل عبور کیا۔

25 سالہ بھارتی کپتان اب تک جاری پانچ میچز پر مشتمل سیریز میں 724 رنز بنا چکے ہیں اور بھارت و انگلینڈ کے درمیان کسی بھی دو طرفہ سیریز میں تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن چکے ہیں۔

شبمن گل اب دو بڑے بھارتی ریکارڈز کے قریب بھی پہنچ چکے ہیں۔ اگر وہ دی اوول ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں مزید 11 رنز بنا لیتے ہیں، تو وہ سنیل گاوسکر کا 732 رنز کا ریکارڈ توڑ دیں گے، جو انہوں نے 1978-79 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بنایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:سونے کی قیمت میں گراوٹ کا سلسلہ جاری، مزید سستا ہوگیا

اگر وہ اس میچ میں مجموعی طور پر 53 یا اس سے زیادہ رنز اسکور کر لیتے ہیں، تو وہ گاوسکر کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیں گے، جو 1971 کے دورۂ ویسٹ انڈیز میں 774 رنز کے ساتھ بھارت کی جانب سے کسی بھی ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔

اس کے علاوہ شبمن گل پہلے ہی ویرات کوہلی کا 2016 میں انگلینڈ کے خلاف بنایا گیا 655 رنز کا ریکارڈ بھی پیچھے چھوڑ چکے ہیں۔

گل کی نظریں اب انڈیا-انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کی تاریخ کے سب سے بڑے انفرادی اسکور پر ہیں۔ اگر وہ اس میچ میں مزید 31 رنز بنا لیتے ہیں، تو وہ انگلینڈ کے گراہم گوچ کا 1990 میں بنایا گیا 752 رنز کا ریکارڈ بھی توڑ دیں گے، جو اس سیریز میں اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان کے بیٹوں نے پاکستان ہائی کمیشن لندن میں ویزے کیلئے درخواست دیدی