صادق آباد: نجی میڈیکل کمپلیکس میں بچوں کے اپنڈکس آپریشن پر تحقیقات مکمل، کلینک سیل

May 31, 2025 | 19:43:PM
صادق آباد: نجی میڈیکل کمپلیکس میں بچوں کے اپنڈکس آپریشن پر تحقیقات مکمل، کلینک سیل
کیپشن: صادق آباد: نجی میڈیکل کمپلیکس میں بچوں کے اپنڈکس آپریشن پر تحقیقات مکمل
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز )  صادق آباد کے نجی میڈیکل کمپلیکس میں 25 سے زائد بچوں کے اپنڈکس کے سرجیکل آپریشن کے معاملے پر محکمہ صحت نے ابتدائی تحقیقات مکمل کر کے نجی کلینک کو سیل کر دیا ہے۔

 یہ آپریشن مبینہ طور پر بغیر کسی مستند طبی بنیاد کے کیے گئے جس پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر غضنفر شفیق نے ہسپتال کا ہنگامی دورہ بھی کیا۔

ذرائع کے مطابق انکوائری کمیٹی نے کل 28 مریضوں کا معائنہ کیا  جن میں سے 22 مریض نجی ہسپتال سے منسلک نکلے جبکہ 4 مریضوں نے سول  ہسپتال کا رخ کیا لیکن ان میں اپنڈکس کے کوئی واضح شواہد نہیں پائے گئے، اہم بات یہ ہے کہ علاقے میں کسی بھی قسم کی وبا یا اپنڈکس سے متعلق اجتماعی مرض کے شواہد نہیں ملے۔

مریضوں کا تعلق چک نمبر 212 کی 18 مختلف فیملیوں سے ہے  تاہم 24 مریضوں میں سے کسی نے بھی کسی فورم پر تحریری شکایت درج نہیں کرائی۔

تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر وقار شکور نجی کلینک سے وابستہ تھے  اور کلینک کے باہر لگے فلیکس پر ان کا نام بھی درج تھا  جو معاملہ سامنے آنے پر ہٹا دیا گیا، ڈاکٹر وقار کے مطابق وہ صرف بطور فزیشن او پی ڈی میں کام کر رہے تھے۔

نجی کلینک کے بورڈ پر 5ڈاکٹرز کے نام درج تھے  جن میں سے 4نے آپریشن کیے جبکہ ڈاکٹر طارق کا نام بورڈ پر درج نہیں تھا لیکن وہ بھی آپریشن میں شامل پائے گئے۔

انکوائری کمیٹی کی سربراہی ایم ایس ڈاکٹر بابر علی نے کی جبکہ ڈاکٹر صالح محمد اور ڈاکٹر ندیم اختر ممبران میں شامل تھے، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر وقار شکور کو ابتدائی طور پر کمیٹی میں شامل کیا گیا تھا  مگر  بعدازاں انہیں کمیٹی سے ہٹا دیا گیا۔

معائنے کے دوران نجی ہسپتال میں صفائی کے ناقص انتظامات بھی سامنے آئے، ہسپتال پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں تھا البتہ رجسٹریشن کے لیے درخواست دی گئی تھی،انکوائری کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں نجی ہسپتال کے خلاف فوری کارروائی کی سفارش کرتے ہوئے کیس پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو بھیج دیا ہے، جب کہ کلینک کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سوراب: شہید ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللّٰہ بلیدی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی