توشہ خانہ کیس،عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اڈیالہ جیل میں گرفتاری دیدی

Jan 31, 2024 | 11:13:AM
توشہ خانہ کیس،عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اڈیالہ جیل میں گرفتاری دیدی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)توشہ خانہ کیس میں سزا سنائے جانے کے بعد  بانی تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی گرفتاری دینے کیلئے اڈیالہ جیل پہنچ گئیں جس کے بعد پولیس نے انہیں  گرفتار کرلیا۔

 احتساب عدالت نے جس وقت عمران خان اور بشریٰ بی بی کو سزا سنائی تو وہ عدالت میں موجود نہیں تھیں، اب بشریٰ بی بی اپنی گرفتاری کیلئے اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر پر 5 سے اندر داخل ہو  گئیں،عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس میں 14، 14 سال قید ، ایک ارب 57 کروڑ جرمانہ اور 10 سال کیلئے نا اہل قرار دیدیا ہے۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس میں سزا سنائی،دوران سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے بانی پی ٹی آئی سے سوال کیا آپ نے اپنا 342 کا بیان جمع کرایا ہے؟ جس پر عمران خان نے کہا میں نے بیان تیارکر لیاہے، بشریٰ بی بی اور میرے وکلا آئیں گے تو بیان جمع کراؤں گا۔

  بانی پی ٹی آئی نے جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ کو اتنی جلدی کیوں ہے؟ میرے ساتھ دھوکا ہوا ہے، مجھے تو صرف حاضری کیلئے بلایا گیا تھا، اس کے بعد بانی پی ٹی آئی  غصے سے کمرہ عدالت سے چلے گئے۔

یہ بھی پڑھیں:توشہ خانہ کیس میں کب کیا ہوا?

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ مجھے تھوڑا وقت دیں، میرے وکلا آ رہے ہیں تاہم جج محمد بشیر نے بانی پی ٹی آئی کو وقت دینے سے انکار کر دیا۔

بعد ازاں جج نے جیل سپرنٹنڈنٹ کے ذریعے عمران خان کو پیغام بھیجا کہ آپ کمرہ عدالت آئیں ہم نے اپنی کارروائی مکمل کرنی ہے لیکن بانی پی ٹی آئی نے انکار کر دیا جس کے بعد احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے توشہ خانہ کیس کا مختصر فیصلہ سنا دیا۔

 یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے اہم رہنما عام انتخابات سے دستبردار