حکمران نااہلی، نالائقی، کرپشن کا بوجھ اپو زیشن پر ڈا لنے کی کو شش کر رہے ہیں،سعد رفیق

Jan 31, 2021 | 18:03:PM
حکمران نااہلی، نالائقی، کرپشن کا بوجھ اپو زیشن پر ڈا لنے کی کو شش کر رہے ہیں،سعد رفیق
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)پاکستان مسلم لیگ  ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے سیالکوٹ میں پارٹی رہنما کی ہائوسنگ اسکیم کو گرانے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے نواز شریف اورمسلم لیگ کے بغض میں ملک کو دا ئو پر لگا دیا ہے۔
تفصیلا ت کے مطا بق لاہور میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور پاکستان مسلم لیگ کے دیگر رہنمائوں کے ہمرا پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سیالکوٹ ڈسکہ میں قومی اسمبلی اور وزیرآباد میں صوبائی اسمبلی کے ایک،ایک حلقے میں ضمنی انتخابات ہونے جارہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اورپولیس کی نگرانی میں حکومت نے غنڈہ گردی اور بدمعاشی کا بازار گرم کر رکھا ہے ، افتخارالحسن شاہ کے بیٹے عطا شاہ کو گرفتار کر کے مختلف تھانوں میں گھمایا گیا اور ان پر ہیروئن ڈالنے کی کوشش کی گئی۔ بعض پولیس افسران نے اس مکروہ عمل کا حصہ بننے سے انکا ر کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ افتخارالحسن کے بیٹے کو نہ صرف گرفتار کیا گیا بلکہ ان پر منشیات ڈالی گئیں جو جھوٹ تھا اور اگلے دن عدالت سے رہائی ہوئی لیکن حراست کے دوران اس ڈی ایس پی کے پرائیویٹ گارڈز نے مارپیٹ کی ہے۔خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی ہوگی اور کوشش ہوگی ان کے خلاف ضابطہ فوجداری کے تحت مقدمہ درج ہو۔ان کا کہنا تھا کہ 'ڈپٹی کمشنرز، محکمہ مال یا دیگر محکموں کے افسران یا مختلف ریاستی اداروں کے سرکاری ملازم اس دھونس اور دھمکی میں ملوث ہیں انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ وہ بھی ہمارے ریڈار پر ہیں اور ہم ان کی فہرستیں بنا رہے ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں کھوکھر برادران کے ساتھ کیا گیا، ان کے گھر گرا دیے گئے اور انہیں دھمکیاں دی گئیں لیکن لاہور ہائی کورٹ نے انہیں اس توڑ پھوڑ سے روک دیا اور توہین عدالت کا نوٹس دیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت مسلسل کرپشن کی پڑیا بیچنے کی کوشش کر ر ہی ہے، وہ پڑیا جس کا چورن اب کوئی نہیں خریدتا ۔کیونکہ یہ حکومت میں پوری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک ان سے چل نہیں رہا، ادارے، معیشت انہوں نے تباہ کردی ہے، گلیوں اور بازاروں میں لوگ انہیں بد دعائیں دے رہے ہیں جبکہ یہ سمجھتے ہیں کہ اپنی نااہلی، نالائقی، کرپشن، اقربا پروری اور بد انتظامی کا بوجھ کسی طرح اپوزیشن پر منتقل ہو لیکن ایسا نہیں ہوسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق میئر سیالکوٹ پر آج صبح حملہ کیا گیا، ان کی ہائوسنگ اسکیم کے دفاتر کو گرا کر کروڑوں کا نقصان کیا گیا اور ان کا جرم یہ تھا کہ انہوں نے اپنی وفاداری تبدیل نہیں کی اور اپنے قدموں پر کھڑے ہیں، یہ سکہ شاہی پورے پنجاب میں جاری ہے۔