سال کے پہلے دن پٹرول کی قیمت وہی ہو گی جو 2025کےپہلےدن تھی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) اتھل پتھل اور عظیم واقعات سے بھرا سال 2025 آج شام تمام ہو گیا۔ سال کا آخری سورج ڈوب گیا اور گریگورین کیلینڈر پر سال کا آخری دن تمام ہونے میں چند گھنٹے رہے گئے۔ نیوزی لینڈ میں البتہ اس وقت یکم جنوری2026 کا کیلنڈر پر آغاز ہوئے ایک گھنٹہ بیت چکا ہے۔
اس سال کے دوران پاکستان میں بہت کچھ بہت زیادہ بدل گیا نہیں لیکن سال کے آخری لمحے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت تقریباً وہی ہو گی جو سال کے پہلے دن تھی۔
ڈیزل اور پٹرول کی قیمت سال بھر کے دوران بیس سے زیادہ مرتبہ رد و بدل ہوا لیکن یہ دلچسپ بات ہے کہ پٹرول کی قیمت سال کے پہلے روز 1، جنوری کو جو تھی وہی قیمت آج رات 12 بجے یکم جنوری کے آغاز پر ہو گی، ڈیزل ایک سال پہلے والی قیمت سے ایک روپیہ فی لٹر سستا ہو جائے گا۔
سال کے دوران پٹرول کی قیمت کئی مرتبہ بڑھی، کئی مرتبہ کم ہوئی لیکن سال کے آخری روز قیاس کیا جا رہا ہے کہ وفاقی حکومت پٹرول کی قیمت میں 10 روپے60 پیسےفی لیٹرکمی کرنے جا رہی ہے۔ یہ کمی ہوتے ہی پٹرول کی قیمت عین وہی ہو جائے گی جو سال 2024 کے اختتام پر اور 2025 کے پہلے روز مقرر ہوئی تھی۔
آج شب، نصف شب کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جو اعلان متوقع ہے اس میں ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 59 پیسے فی لیٹرکمی کی قیاس آرائی کی جا رہی ہے ،جبکہ مٹی کےتیل کی قیمت میں 9 روپےفی لیٹر کمی، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 62 پیسےفی لیٹر کمی کا امکان ہے۔
یکم جنوری کو پاکستان مین پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کیا تھیں
فنانس ڈویژن کے پریس ریلیز کے مطابق یکم جنوری 2025سے پیٹرول کی قیمت میں 0.56 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2.96 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا تھا۔ اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 252.66 روپے فی لٹر ہو گئی تھی۔ آج رات 12 بجے ایک بار پھر پٹرول کی قیمت اس قیمت کے قریب ہونے والی ہے۔ اس وقت 31 دسمبر کی شام تک البتہ پٹرول کی قیمت یکم جنوری 2025 کی نسبت دس روپے کچھ پیسے زیادہ ہے اور پٹرول پمپس پر پٹرول 263 روپے 45 پیسے فی لٹر فروخت ہو رہا ہے۔
یکم جنوری2025 کو وفاقی حکومت نے ہائی سپیڈ دیزل کی قیمت میں 2.96 روپے فی لٹر اضافہ کیا تھا اور ہائی سپیڈ ڈیزل یکم جنوری کو 258.34 روپے فی لٹر فروخت ہو رہا تھا۔ آج نئے سال کی یکم جنوری آئے گی تو ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کچھ کمی کی جائے گی اور قیمت بھی 265 روپے 65 پیسے سے گھٹ کر 257 روپے 06 پیسے فی لیٹر تک آنے کا امکان ہے۔ جیسا قیاس کیا جا رہا ہے ویسا ہی ہوا تو نئے سال کے پہلے روز شہریوں کو ڈیزل گزشتہ سال کے پہلے دن کی نسبت ایک روپیہ فی لٹر سستا ملے گا۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پاکستان میں ہر پندرہ دن بعد کمی بیشی کی جاتی ہے جو بین الاقوامی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کی عکاسی کرتی ہے۔ پاکستان میں زیادہ تر پٹرول، ڈیزل اور دوسری پترولیم مصنوعات امپورٹڈ خام تیل سے پاکستان مین ریفائن کر کے کنزیومر مارکیٹ میں بھیجی جاتی ہیں۔ ان کی قیمت بیرون ملک پٹرولیم کی قیمت سے براہ راست جڑی ہوتی ہے تاہم پاکستان مین حکومت کے نافذ کردہ ٹیکس اور لیوی بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے رہتے ہیں۔ سال 2025 کے دوران وفاقی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر لیوی مین نمایاں اضافہ کیا جب کہ ڈیلرز اور پٹرول پمپ مالکان کے منافع کے مارجن میں بھی نمایاں اضافہ کیا۔ اس کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں خام پٹرولیم کی قیمت میں کمی ہونے کے باوجود نئے سال کے پہلے روز صارفین کو پٹرول اور ڈیزل تقریباً اتنی ہی قیمت پر ملے گا جس قیمت پر سال 2025 کے پہلے دن مل رہا تھا۔