دعا ہے 2023 کا سورج ملکی ترقی کی خوشخبری لےکر طلوع ہو، وزیراعظم 

Dec 31, 2022 | 23:44:PM
وزیراعظم شہباز شریف، سال نو، قوم کو مبارکباد،
کیپشن: وزیراعظم شہباز شریف، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے سال نوکی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ میری یہ دعا ہے کہ 2023 کا سورج ہمارے ملک پاکستان کیلئے ترقی اور خوشحالی کی خوشخبری لے کر طلوع ہو، نئے سال میں ہماری انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں گزشتہ سال کی غلطیوں کو سدھار کر ایک نئی شروعات ہو جس میں ہم ماضی کے غموں کو بھلا کر ایک نئے اور روشن مستقبل کا آغاز کریں۔
وزیراعظم کاکہناہے کہ میری یہ بھی دعا ہے کہ 2022 میں دنیا کو جن معاشی، سیاسی اور امن و امان کے بحرانوں کا سامنا رہا، نئے سال میں ان پر قابو پانے کیلئے مثبت پیش رفت ہو، نیا سال پاکستان سمیت پوری دنیا سے بھوک، جنگ، دہشتگردی، جرم، فرقہ واریت اور طبقاتی تقسیم کے خاتمے کا سال ثابت ہو۔ 
ان کاکہناتھا کہ گزشتہ سال وطن عزیز کو متعدد مشکلات کا سامنا رہا، پاکستان کی معیشت اور عوام کے وسیع تر مفاد میں جب ہم نے آئینی راستہ اپناتے ہوئے حکومت سنبھالی تو ملک میں آئینی بحران اور افراتفری پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے اتحادی حکومت نے ملکی سلامتی کیلئے اپنی سیاست قربان کرتے ہوئے حالات پر قابو پانے کیلئے شبانہ روز محنت کی اور اللہ کے فضل و کرم سے ہم اس میں کافی حد تک کامیاب ہوئے۔
وزیراعظم نے کہاکہ اسی دوران موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ملک میں بدترین سیلابی صورتحال پیدا ہوئی جس سے سینکڑوں لوگ لقمہ اجل بنے، ہزاروں زخمی ہوئے، مجموعی طور پر 3 کروڑ سے زائد لوگ اس سے متاثر ہوئے اور مالی اعتبار سے پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، سیلاب زدگان کی مدد کی نگرانی میں نے خود بطور خادم پاکستان کی اور غموں میں گھرے لوگوں کے پاس جا کر ان کے درد کو کم کرنے کی کوشش کی، مجھ سمیت اتحادی حکومت کے ہر عہدیدار نے دنیا کے کونے کونے میں سیلاب زدگان کی پکار پہنچائی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ میں نئے سال کا آغاز پاکستان کی معاشی صورتحال کی بہتری، سیلاب زدگان کی بحالی، دھشتگردی کے خاتمے اور عوام کی تکلیفوں میں کمی کیلئے شبانہ روز محنت کے عہد سے کر رہا ہوں، 2023 میں ہم سب کو مل کر پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور امن و آشتی کا گہوارہ بنانا ہے، آئیں، نئے سال کے آغاز میں ہم یہ وعدہ کریں کہ اس ملک کو قائد اعظم اور علامہ اقبال کے پاکستان بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، یہ ملک ہماری پرکھوں کی امانت ہے، ہم اس کی حفاظت اور تعمیر و ترقی میں اپنا خون پسینہ ایک کریں گے۔
دریں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے قوم کو نئے عیسوی سال کی مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ 2023 کو پاکستان کے عوام کیلئے امن، ترقی اورخوشحالی کا سال بنائے،نئے سال میں ہم پاکستان کو دہشتگردی اورانتہاپسندی سے مکمل نجات دلائیں گے،ان کاکہناتھا کہ نئے سال کی آمد پرقوم کے شہدائے کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں،وطن کی خاطر جان دینے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں،اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر دے۔ 

یہ بھی پڑھیں: اثاثوں کی تحقیقات کا معاملہ ، سائرہ انور ایف آئی اے طلب