کوئٹہ: فتنہ الہندوستان کا خودکش حملہ،فائرنگ، 10 افراد شہید، 6 دہشتگرد جہنم واصل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(عیسیٰ ترین) کوئٹہ میں حالی روڈ پر ایف سی ہیڈکوارٹرز کے قریب فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے حملہ کردیا، خودکش دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد شہید اور 32 زخمی ہوگئے، واقعے میں خودکش حملہ آور سمیت تمام 6 دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں واقع حالی روڈ پر واقع ماڈل ٹاؤن کے علاقے میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پر سفید سوزوکی وین کے ذریعے خودکش حملہ کیا گیا۔
سکیورٹی حکام کے مطابق ایک خودکش حملہ اور نے بارود سے بھری سوزوکی گاڑی ایف سی ہیڈ کواٹرز کے داخلہ دروازے کے ساتھ ٹکرا دی، پیچھے سے آنے والے سفید ڈبہ کیری میں دہشت گردوں نے ایف سی ہیڈ کواٹرز میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم ایف سی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا، حملے میں 2 ایف سی اہلکار زخمی ہوئے۔
صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 10 افراد شہید اور 32 زخمی ہوئے، جنہیں سول ہسپتال اور ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا ہے، جہاں 5 زخمیوں کی حالت تشویشنا ک ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آور ایف سی کی وردی میں ملبوس تھے، تمام دہشت گرد مارے گئے۔
پولیس کے مطابق کوئٹہ میں زرغون روڈ کے قریب زور دار دھماکا ہوا، جس کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں، دھماکا اتنا شدید تھا کہ قریبی عمارتوں کے دروازے اور کھڑکیاں ٹوٹ گئیں، شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
دھماکے کے بعد سامنے آنے والی فوٹیجز میں طویل فاصلے سے دھوئیں کے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) سپیشل آپریشنز کوئٹہ محمد بلوچ کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب بارودی مواد سے بھری ایک گاڑی ماڈل ٹاؤن سے حالی روڈ کی طرف فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹرز کے قریب مڑی ۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکہ تجارتی علاقوں کے قریب ہوا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے اضافی سکیورٹی اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔
سیکرٹری صحت مجیب الرحمٰن کے مطابق دھماکے کے بعد صوبائی دارالحکومت کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال کوئٹہ، بلوچستان میڈیکل کالج (بی ایم سی) ہسپتال کوئٹہ اور ٹراما سینٹر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تمام کنسلٹنٹس، ڈاکٹرز، فارماسسٹ، اسٹاف نرسز اور پیرامیڈیکل عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہسپتالوں میں موجود رہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ میں بھارتی پراکسی کے دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی اور حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں اور شہریوں کے لیے جلد از جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ معصوم، نہتے شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے، پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے عناصر کو عبرت ناک سزا دیں گے، حکومت، سیکیورٹی فورسز اور قوم دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر ردعمل دیا اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کا حوصلہ پست نہیں کرسکتے، عوام اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، بلوچستان کو پرامن اور محفوظ بنانے کے عزم پر کاربند ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ شہدا کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کوئٹہ میں فتنۃ الہندوستان کے6حملہ آوروں کوجہنم واصل کرنے پر ایف سی جوانوں کی ستائش کی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ایف سی کے بہادر سپوتوں نے خودکش بمبار سمیت 6 دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچا کر مذموم عزائم کو ناکام بنایا، ایف سی کے جوانوں نے جرات کے ساتھ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ ایف سی جوانوں کو حملہ ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف سی جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایف سی کے بہادر جوانوں پر ناز ہے، محسن نقوی نے 2 زخمی جوانوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔