اسلام آباد ہائیکورٹ:CDA کی تحلیل کا فیصلہ،دوسری کوشش میں بھی ریلیف نہ مل سکا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی تحلیل کا فیصلہ معطل کرنے کی متفرق درخواست پر سماعت میں سی ڈی اے کو دوسری کوشش میں بھی اسلام آباد ہائیکورٹ سے فوری ریلیف نہ مل سکا۔سی ڈی اے کی انٹراکورٹ اپیل جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی متفرق درخواست منظور۔
تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے کی تحلیل کا فیصلہ معطل کرنے کی متفرق درخواست پر جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس محمد اعظم خان پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سماعت کی۔جسٹس محسن اختر کیانی نے حکومت کو سی ڈی اے کی تحلیل کیلئے پراسیس شروع کرنے کا حکم دیا تھا۔سماعت کے دوران سی ڈی اے کے وکیل کا کہنا تھا کہ ہماری استدعا ہے کہ سنگل بنچ کا سی ڈی اے کی تحلیل کا فیصلہ معطل کیا جائے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد سی ڈی اے کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،سی ڈی اے ٹیکس لگاتا ہے تو لوگ ہائیکورٹ کا فیصلہ لے کر آ جاتے ہیں کہ آپ ٹیکس لگا ہی نہیں سکتے۔ جسٹس اعظم خان نے وکیل سی ڈی اے سے استفسار کیا کہ کیا سی ڈی اے اب کام نہیں کر رہا؟ جس پر وکیل شہریار طارق نے کہا کہ سی ڈی اے کام کر رہا ہے لیکن ہائیکورٹ کے آرڈر سے مسائل کا سامنا ہے۔ جسٹس خادم حسین سومرو نے کہاکہ سنگل بنچ نے سی ڈی اے کو کام سے تو نہیں روکا گیا۔ وکیل شہریار طارق نے عدالت سے کہا کہ فیصلے میں سی ڈی اے کو درحقیقت کام سے روک ہی دیا گیا ہے،فیصلے میں کہا گیا کہ سی ڈی اے نے اِس ایس آر او کے تحت جتنا ٹیکس وصول کیا واپس کیا جائے۔جسٹس خادم سومرو نےکہا کہ ہائیکورٹ میں ابھی چھٹیاں ہیں اس کیس میں کوئی ہنگامی صورتحال نہیں۔ وکیل سی ڈی اے نے کہا کہ ہنگامی صورتحال ہے، سی ڈی اے کے ہاتھ پاؤں کاٹ دیے گئے ہیں۔ جس پر جسٹس خادم حسین سومرو نے کہا کہ ہم آپکا کیس چھٹیوں کے بعد پہلے دن مقرر کرنے کی ہدایت کر دیتے ہیں۔جس کے بعدعدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد: سیکٹر جی نائن کے کارپوریٹ ٹیکس آفس میں آتشزدگی