امریکی سفارت خانہ اسلام آباد کی ایک ہفتے کی سفارتی مصروفیات کی ویڈیو جاری

Jan 30, 2026 | 22:06:PM
امریکی سفارت خانہ اسلام آباد کی ایک ہفتے کی سفارتی مصروفیات کی ویڈیو جاری
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)امریکی سفارت خانہ اسلام آباد نے امریکہ اور پاکستان کے درمیان ایک ہفتے کی سفارتی سرگرمیوں پر مشتمل ویڈیو جاری کر دی ہے، جس میں ترجمان امریکی سفارت خانہ کین ہیرلسن ان مصروفیات کی تفصیلات بتاتے نظر آتے ہیں۔

ویڈیو میں ترجمان کین ہیرلسن کا کہنا ہے کہ ’’آئیے امریکہ اور پاکستان کے تعلقات میں ایک اور ثمر آور ہفتے پر نظر ڈالتے ہیں۔‘‘

ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں سپیکر سیریز “فریڈم 250؛ دی انٹرپرینیورز روڈ میپ” کا آغاز کیا گیاجس کے تحت برٹن سنو بورڈز کی شریک بانی اور چیئر ڈونا کارپنٹر کی میزبانی کی گئی،اس موقع پر انہوں نےامریکی ایکسچینج کی سابق طالبہ اور ایڈونچر ایتھلیٹ ثمر خان کے ساتھ مکالمہ کیا۔

کین ہیرلسن کے مطابق امریکی سفارت خانے اور پاکستانی حکومت کے ہم منصبوں کے درمیان ایک نیا تعلیمی ورکنگ گروپ بھی قائم کیا گیا، جس کا مقصد فنی اور اعلیٰ تعلیم میں قریبی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

ویڈیو میں بتایا گیا کہ 2025 کے انٹرنیشنل وزیٹر لیڈرشپ پروگرام کے سابق شرکاء سے بھی ملاقات کی گئی تاکہ توانائی سے لے کر قانون نافذ کرنے والے اداروں تک مختلف شعبوں میں امریکی ماہرین کے ساتھ قائم کردہ قیمتی روابط کے بارے میں جانا جا سکے۔

کراچی میں قونصل جنرل گڈمین نے انگلش ایکسس پروگرام کے 200 طلبہ کی گریجویشن تقریب میں شرکت کی۔

ترجمان کے مطابق یہ پروگرام طلبہ کی انگریزی زبان میں مہارت بڑھانے اور نوجوانوں کو معاشی ترقی میں کردار ادا کرنے کے قابل بناتا ہے، جس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوتا ہے،پشاور میں قونصل جنرل ایکرٹ اور قونصلیٹ کی یوتھ کونسل کے درمیان تبادلۂ خیال ہوا، جس میں ای کامرس، کاروبار اور ای-گیمنگ میں امریکی جدت کے ذریعے پاکستانیوں اور امریکیوں کے لیے خوشحالی کے فروغ پر بات کی گئی۔

پنجاب میں قونصل جنرل سینڈرز نے امریکہ کے تعاون سے قائم یونیسف کے ایک امدادی مرکز کا دورہ کیا، جو سیلاب سے متاثرہ کمیونٹیز کی مدد کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے امریکی مالی تعاون سے تاریخی گھنٹہ گھر کی بحالی کا افتتاح بھی کیا۔

ترجمان کے مطابق قونصل جنرل سینڈرز نے 450 انگلش ایکسس گریجویٹس کی خدمات کو سراہا اور امریکی ایکسچینج پروگرام کے سابق شرکاء سے ملاقات کی جو اپنی برادریوں میں مثبت تبدیلی لا رہے ہیں۔

ویڈیو میں یہ بھی بتایا گیا کہ امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے صوبہ سندھ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مقامی رہنماؤں سے ملاقات کی اور زرعی و کاروباری برادریوں سے رابطہ کیا۔ نیٹلی بیکر نے اس اہم خطے کے ساتھ امریکی روابط کو مزید گہرا کرتے ہوئے مقامی ثقافتی روایات سے بھی لطف اندوز ہوئیں۔

اختتام پر کین ہیرلسن کا کہنا تھا کہ یہ امریکہ اور پاکستان کے لیے ایک اور متاثر کن ہفتہ تھا، اور امریکہ اپنی آزادی کے 250 سال مکمل ہونے کا جشن مناتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایک صوبے کاوزیر اعلی دو راتوں سےروڈ پر جبکہ دوسرے کو ائیر فورس کاجہازدیا جاتا ہے؛سہیل آفریدی