عالمی منڈی میں سونا سستا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق بھی اہم خبر آ گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)عالمی منڈی میں سونے کی قیمت گر گئی، جبکہ خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق سونے کی قیمت 5 ہزار 594 ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچنے کے بعد اچانک 5 فیصد کمی کے ساتھ 5 ہزار 109 ڈالر تک آ گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اس اچانک کمی کی بڑی وجہ ریکارڈ اضافے کے بعد سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کے حصول کے لیے بڑے پیمانے پر فروخت ہے۔
سرمایہ کاروں نے بلند قیمتوں پر سونا فروخت کر کے منافع سمیٹنے کو ترجیح دی، جس کے نتیجے میں قیمتوں پر دباؤ بڑھ گیا۔
اقتصادی تجزیہ کاروں کے مطابق اگرچہ مختصر مدت میں قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے، تاہم مجموعی طور پر سونے کی کارکردگی اب بھی غیر معمولی قرار دی جا رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سونا ماہانہ بنیادوں پر 24 فیصد اضافے کے ساتھ سال 1980 کے بعد اپنی بہترین پوزیشن میں ہے، جو عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال، مہنگائی کے خدشات اور سرمایہ کاروں کے محفوظ سرمایہ کاری کے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کسی بھی نئے حملے کی صورت میں فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا:ایرانی فوج
ماہرین یہ بھی بتاتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں سونے کی قیمتوں کا انحصار عالمی معاشی اشاریوں، امریکی ڈالر کی قدر، شرح سود اور جغرافیائی سیاسی صورتحال پر ہوگا۔ سرمایہ کاروں کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ مارکیٹ کے رجحانات پر گہری نظر رکھیں اور کسی بھی فیصلے سے قبل احتیاط سے کام لیں۔
ماہرین کے مطابق قیمتی دھاتوں کی مارکیٹ میں یہ اتار چڑھاؤ وقتی بھی ہو سکتا ہے، تاہم سرمایہ کاری کے فیصلوں میں محتاط حکمت عملی اختیار کرنا ناگزیر ہے۔
دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 4 فیصد بڑھ کر 5 ماہ کی بلند سطح پر آگئیں۔
برینٹ خام تیل 71 جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 65.56 ڈالر فی بیرل کی سطح پر موجود ہے۔