گلگت بلتستان میں درآمدات پر ٹیکس استثنیٰ کے حوالے سے ایف بی آر کی  وضاحت

Dec 30, 2025 | 21:21:PM
گلگت بلتستان میں درآمدات پر ٹیکس استثنیٰ کے حوالے سے ایف بی آر کی  وضاحت
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(وقاص عظیم)گلگت بلتستان میں درآمدات پر ٹیکس استثنیٰ کے حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے وضاحت جاری کی ہے۔

ایف بی آر کے مطابق  ٹیکس استثنیٰ کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے ایک جامع اور مضبوط نظام وضع کیا گیا ہے جس کے تحت ملک کے دیگر حصوں میں تاجروں اور کاروباری برادری کے مفادات متاثر نہیں ہوں گے۔

ایف بی آر نے بتایا کہ گلگت بلتستان کو ایک خصوصی حیثیت حاصل ہے اور سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 اور فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005 یہاں لاگو نہیں کیے گئے ہیں، سوست ڈرائی پورٹ کے ذریعے درآمد کی جانے والی صرف وہ اشیاء ٹیکس استثنیٰ حاصل کریں گی جو گلگت بلتستان کی حدود میں استعمال کی جائیں گی۔

گلگت بلتستان کے لیے درآمد کی جانے والی اشیا کی سالانہ استثنی کی حد 4 ارب روپے مقرر کی گئی ہے،ایف بی آر کے مطابق اس پالیسی کو شفاف اور مؤثر انداز میں نافذ کرنے کے لیے متعدد حفاظتی اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں۔

حکومتِ گلگت بلتستان ہر تاجر کے کوٹے کا تعین کرے گی اور یہ تمام کوٹے مجموعی طور پر4ارب روپے کی سالانہ حد سے تجاوز نہیں کریں گے، پاکستان کسٹمز ویبوک سسٹم کے ذریعے ان کوٹہ جات کی نگرانی خودکار ماڈل کے تحت کرے گا، کسی تاجر کا مقررہ کوٹہ ختم ہونے پر خودکار سسٹم مزید ٹیکس فری درآمدات کو بلاک کرکے قانون کے مطابق قابلِ اطلاق ٹیکس وصول کرے گا۔

ایف بی آر نے کہا کہ حکومتِ گلگت بلتستان نے باضابطہ طور پر عہد کیا ہے کہ اس سہولت سے حاصل ہونے والی اشیا صرف جی بی کی حدود کے اندر استعمال ہوں گی۔ پاکستان کسٹمز نے ٹیکس سے مستثنیٰ اشیا کی جی بی سے ملک کے دیگر حصوں میں منتقلی کی روک تھام کے لیے انفورسمنٹ کا طریقۂ کار بھی وضع کیا ہے۔

ایف بی آر کے مطابق، جی بی حکومت اور تاجروں کے ساتھ طے شدہ معاہدے کے مطابق کسی بھی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ ملک بھر کی کاروباری برادری اور تاجروں کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ یہ استثنیائی نظام جائز تجارتی مفادات کو نقصان نہیں پہنچائے گا اور اس سہولت کا مقصد صرف گلگت بلتستان کے عوام اور معیشت کی بہتری ہے۔

یہ بھی پڑھیں :  ڈالر کی قیمت میں کمی