مذاکرات کی پیشکش تحفظ آئین پاکستان نہیں جعلی وزیراعظم کی طرف سے دی گئی؛علیمہ خان

عمران خان نے ظلم کے خلاف کھڑے ہونے کا کہا ہے اور ہم کھڑے ہیں؛ بہن بانی پی ٹی آئی

Dec 30, 2025 | 18:02:PM
مذاکرات کی پیشکش تحفظ آئین پاکستان نہیں جعلی وزیراعظم کی طرف سے دی گئی؛علیمہ خان
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ارشادقریشی)بانی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہےکہ مذاکرات کی پیشکش تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے نہیں جعلی وزیراعظم کی طرف سے دی گئی۔ 

 اڈیالہ جیل کے قریب گورکھپور فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ مذاکرات سے متعلق کہا جا رہا ہے کہ تحفظ آئین پاکستان کی کمیٹی آپ سے ملاقات کرے گی اور آپ کو اعتماد میں لے گی  تاہم انہوں نے اس بات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ کسی کمیٹی کے بارے میں میں کچھ نہیں جانتی، ہمیں تو  بانی پی ٹی آئی کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل افریدی کو  سٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کا کہا گیا ہے۔

علیمہ خان نے کہا کہ آج تینوں بہنیں فیصلہ کر کے آئی ہیں کہ بانی سے ملاقات کے بغیر واپس نہیں جائیں گی چاہے ہمارے ساتھ کوئی ہو یا نہ ہو، واٹر کینن استعمال کریں، آنسو گیس چلائیں، لاٹھی چارج کریں، گرفتار کریں، کچھ بھی کر لیں، ہم ملاقات کے بغیر نہیں جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ موٹروے بند ہونے کی وجہ سے انہیں یہاں پہنچنے میں تاخیر ہوئی، علیمہ خان نے کہاکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی وجہ سے لاہور کو بند کر دیا گیا اور اڈیالہ کو بھی اس لیے بند کیا گیا تاکہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ ہو سکے،اگر یہ لوگ سہیل افریدی سے نہیں ڈرتے تو پورا شہر اور پورا لاہور بند نہ کرتے،انہوں نے لاہور شہر کو ایسے ہی بند کر دیا جیسے اب اڈیالہ بند ہے۔ 

علیمہ خان نے کہا کہ لاہوریوں کو یہ لوگ چھیڑ نہیں سکتے،لاہوریے نکلے، پورا شہر باہر نکلا،لاہوریوں کو تو پولیس بھی کچھ نہیں کہہ سکتی۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ بات صاف ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ظلم کے خلاف کھڑے ہونے کا کہا ہے اور ہم کھڑے ہیں ،آپ دیکھ لیں، انہوں نے پورا لاہور بند کر دیا، مین بلیوارڈ بند کیا، زمان پارک کا علاقہ بند کر دیا، زمان پارک کی تاریں کاٹ دی گئیں، لائٹیں بند کر دی گئیں اور پولیس کو کھمبوں کے نیچے کھڑا کر دیا گیا تھا تاکہ کوئی کھمبوں پر چڑھ کر بجلی آن نہ کر سکے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کا یو اے ای سے 24 گھنٹوں میں یمن سے افواج نکالنے کا مطالبہ