معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کیلئےجنرل ہسپتال انتظامیہ تعطیلات میں بھی متحرک رہی
عید کی خوشیاں مریضوں پر نچھاور کرنے والے ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملہ خراجِ تحسین کے مستحق ؛ پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) دیگر سرکاری محکموں کی طرح لاہور جنرل ہسپتال کی انتظامیہ بھی عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران بھرپور انداز میں متحرک دکھائی دی۔
پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل کی رہنمائی میں ایل جی ایچ کی مانیٹرنگ ٹیم،مریضوں سے علاج بارے فیڈ بیک پر مامور ڈاکٹرز اور ڈی ایم ایس نرسنگ نے ہسپتال میں طبی سہولیات کی فراہمی اور ڈسپلن کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے ایمرجنسی اور بچہ وارڈ سمیت مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کیاجہاں زیر علاج مریضوں کی خیریت دریافت کی اور ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز، نرسز اور ہیلتھ پروفیشنلز کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا، انہوں نے مختلف وارڈز میں صفائی، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین کا کہنا تھا کہ عید کی خوشیاں مریضوں پر نچھاور کرنے والے ملازمین حقیقتاً مبارکباد اور خراجِ تحسین کے مستحق ہیں، دکھی انسانیت کی خدمت اور تکلیف میں مبتلا افراد کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنا ہی شعبۂ طب سے وابستہ افراد کا اصل فریضہ اور عبادت ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایف بی آر کے دفاتر کل اور پرسوں کھلے رکھنے کا فیصلہ
پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے مزید کہا کہ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں جنرل ہسپتال کی انتظامیہ مریضوں کو معیاری، بروقت اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی پیشہ ورانہ لگن کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔