صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کیخلاف آپریشن پر فورسز کو خراج تحسین
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)صدر مملکت آصف علی زرداری،وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں 2 مختلف کارروائیوں میں فتنۃ الہندوستان کے 5 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے بلوچستان میں انٹیلیجنس پر مبنی کامیاب آپریشن کے دوران بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کا قلع قمع کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا، صدر مملکت نے ملک سے فتنتہ الہندوستان کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے کاروائیاں کر رہی ہیں،پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنتہ الہندوستان کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی۔
ادھر وزیراعظم شہبازشریف نے سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں بھارتی پراکسیوں کے دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کیلئے افواج پاکستان شب روز مصروف عمل ہیں،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
دوسری جانب وزیرداخلہ محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے بھارتی سپانسرڈ فتنہ الہندوستان کے 5 دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا،سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کرکے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے،فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے والے سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کو سلیوٹ کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہناتھا کہ بہادرسکیورٹی فورسز پر ہر پاکستانی کو ناز ہے،بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں اور آلہ کاروں کا انجام موت ہے ۔