ترکیہ اور مصر کے وزرا خارجہ کی بحران میں پاکستانی قیادت کے مثبت کردار کی تعریف

Mar 29, 2026 | 23:24:PM
 ترکیہ اور مصر کے وزرا خارجہ کی بحران میں پاکستانی قیادت کے مثبت کردار کی تعریف
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ نے  مشرق وسطیٰ کی صورتحال میں پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے انہوں نے اس مشکل وقت میں وزیرِاعظم، نائب وزیرِاعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کی وزیرِاعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد وزیر اعظم ہاؤس کے حکام نے بتایا کہ  ترکیہ کے وزیرِ خارجہ عزت مآب جناب حکان فدان اور عرب جمہوریہ مصر کے وزیرِ خارجہ عزت مآب ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے آج شام وزیرِاعظم ہاؤس میں وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔
وزیرِاعظم کی معاونت نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک، معاونِ خصوصی طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ نے کی۔
گرم جوشی اور خوشگوار ماحول میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیرِاعظم نے جمہوریہ ترکیہ کے صدر عزت مآب رجب طیب اردوان اور عرب جمہوریہ مصر کے صدر عزت مآب عبدالفتاح السیسی کے لیے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا، اور دونوں رہنماؤں کے ساتھ اپنی حالیہ گفتگو کا بھی ذکر کیا۔
وزیرِاعظم نے معزز مہمانوں کو پاکستان کی سفارتی کاوشوں سے آگاہ کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ ایران سمیت کئی برادر مسلم ممالک میں جاری کشیدگی، جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں، معیشت اور املاک کا بھاری نقصان ہو رہا ہے، کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایران اور امریکہ کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔
وزرائے خارجہ نے وزیرِاعظم کو مشرقِ وسطیٰ میں جاری صورتحال پر اپنے اپنے ممالک کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیئے:  پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا؛وزیراعظم کی سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات میں گفتگو