ایف آئی اےکی گوجرانوالا میں کارروائی، مراکش کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلرگرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)ایف آئی اے نے مراکش کشتی حادثے میں ملوث ریڈ بک میں شامل بدنام زمانہ انسانی سمگلر کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے گوجرانوالا زون کے مطابق ملزم کا نام ریڈ بک کے انتہائی مطلوب انسانی سمگلرز میں شامل تھا،گرفتار ملزم قاصد علی کو گوجرانوالا سے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزم بین الاقوامی انسانی سمگلنگ نیٹ ورک کا اہم کارندہ تھا،ملزم کے خلاف متعدد مقدمات درج تھے۔
حکام کے مطابق ملزم شہریوں کو یورپ بھجوانے کے جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورتا اور انہیں غیر قانونی راستوں سے افریقا منتقل کرتا تھا۔
متاثرہ خاندانوں سے ملزم نے سپین بھجوانے کے نام پر 33 لاکھ روپے فی کس وصول کیے۔
انسانی سمگلروں کے نیٹ ورک نے متاثرہ نوجوانوں کو موریطانیہ منتقل کرکے تشدد، جبری مشقت اور غیر انسانی سلوک کا نشانہ بنایا۔ بعد ازاں متاثرین کو سمندر کے راستے اسپین بھیجنےکا جھانسہ دے کر رابطہ منقطع کر دیا گیا اور کشتی حادثے میں متاثرین جان کی بازی ہارگئے۔
گرفتار ملزم پر انسانی سمگلنگ، بھتہ خوری، جبری مشقت، فراڈ اور تارکین وطن کی اموات کا سبب بننے جیسے سنگین الزامات ہیں۔
حکام نے بتایا کہ ملزم ایک منظم بین الاقوامی انسانی سمگلنگ گینگ کا اہم رکن ہے جو معصوم شہریوں کو دھوکہ دے کر غیر قانونی ہجرت پر مجبور کرتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:یو اے ای کے بعد ایران سے افسوسناک خبر آ گئی