پی آئی اے کی بحالی کیلئے انقلابی سرمایہ کاری کی بنیاد رکھ دی گئی: وزیراعظم شہباز شریف
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری اور بحالی کے عمل کے ساتھ پاکستان کے معاشی اصلاحات کے سفر میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری ٹرانزیکشن کا پہلا مالیاتی مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے، جبکہ مینجمنٹ کنٹرول سرمایہ کار کنسورشیم کے حوالے ہونے کے ساتھ ہی قومی ایئرلائن کے ایک نئے باب کا آغاز ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی بحالی اور استحکام کے لیے انقلابی سرمایہ کاری کی بنیاد رکھ دی گئی ہے، جو پاکستان پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، مشیر برائے نجکاری محمد علی اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور انتھک کاوشوں سے یہ تاریخی پیش رفت ممکن ہوئی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت ملکی معیشت کے استحکام اور ترقی کے لیے اصلاحاتی اقدامات جاری رکھے گی اور نئے مواقع پیدا کر کے ملک کو خوشحال مستقبل کی جانب لے جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں :ملکی تاریخ کی سب سے بڑی نجکاری مکمل