جیولر شاپ پر بڑی واردات، ڈکیت کروڑوں مالیت کی تجوری لے اڑے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)شہر قائد کے علاقے صدر میں ڈاکو جیولری شاپ پر انوکھی واردات کرتے ہوئےسونے کی کروڑوں روپے مالیت کی تجوری لے اڑے۔
ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق یہ واقعہ صبح ساڑھے 5 بجے پیش آیا جہاں دو ملزموں نے دکان کا شٹر کٹر سے کاٹا اور اندر داخل ہوئے، ملزمان نے وہاں موجود چوکیدار کو پہلے اسلحہ کے زور پر یرغمال بنایا اور پھر اسے لالچ دے کر اپنے ساتھ ملا لیا۔
چوکیدار نے پولیس کو دیئے گئے بیان میں انکشاف کیا کہ ملزموں نے اسے مدد کے بدلے 50 ہزار روپے دینے کا وعدہ کیا تھا۔ ملزمان چوکیدار ہی کی مدد سے دکان کی بھاری بھرکم تجوری باہر نکالنے میں کامیاب ہوئے اور پھر اسے وعدے کے مطابق رقم دیئے بغیر تجوری سمیت فرار ہو گئے۔ مبینہ طور پر تجوری میں 20 کروڑ روپے مالیت کا مال موجود تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جیولرز کی جانب سے تاحال نقصان کا حتمی تخمینہ اور ایف آئی آر کے لیے درخواست موصول نہیں ہوئی ہے، تاہم پولیس ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرول کی قیمت 400سے تجاوز?پریشان کن خبر آ گئی
دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ سے فوری طور پر تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیر داخلہ نے پولیس حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہ نقب زنوں کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیموں کو فوری طور پر متحرک کیا جائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہ کی جائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں مسلح ڈاکو معروف تاجر کے بنگلے میں داخل ہو کر لاکھوں روپے مالیت کی نقدی اور سونا لوٹ کر فرار ہو ئے تھے، کراچی کے علاقے گلبرگ میں دن دہاڑے ڈکیتی کی ایک سنگین واردات آئی جہاں مسلح ڈاکو ایک معروف تاجر کے بنگلے میں داخل ہو کر لاکھوں روپے مالیت کی نقدی اور سونا لوٹ کر فرار ہو ئے، مسلح ڈاکوؤں نے گھر میں داخل ہو کر خواتین سمیت تمام اہل خانہ کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا لیا،ڈاکوؤں نے پورے گھر کی تلاشی لی اور الماریوں کے تالے توڑ کر درج ذیل سامان لوٹا ، جس میں بھاری مقدار میں سونا اور زیورات سمیت لاکھوں روپے کی نقدی شامل ہیں۔