30 اپریل تک گرمی کی شدت برقرار رہے گی:محکمہ موسمیات

بارش برسانے والا سسٹم یکم مئی سے پاکستان میں داخل ہوگا، بارش اور تیز ہوائیں چلنے سے گرمی کی شدت میں کمی آئے گی

Apr 29, 2025 | 12:17:PM
 30 اپریل تک گرمی کی شدت برقرار رہے گی:محکمہ موسمیات
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)ملک بھر میں ہیٹ ویو کی شدید لہر جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق 30 اپریل تک گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں درجہ حرارت معمول سے 7 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے،گزشتہ روز لاڑکانہ، دادو اور تربت میں درجہ حرارت ریکارڈ سطح یعنی 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا،لاہور میں پارہ 42 ڈگری جبکہ کراچی میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

 لاہور، سرگودھا اور ملتان شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے جبکہ سندھ کے سکھر، نواب شاہ اور مٹھی میں بھی رواں ہفتے درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، بلوچستان کے سبی اور تربت میں بھی پارہ بلند رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  سیمنٹ کی فی بوری کتنے کی؟نئی قیمت سامنے آ گئی

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں بھی گرمی کی لہر آج برقرار رہنے کا امکان ہے، مجموعی طور پر ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور دھوپ میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

علاوہ ازیں گرمی کی بڑھتی ہوئی لہر نے لاہور شہر کو لپیٹ میں لے رکھا ہے،صبح سویرے درجہ حرارت 31 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ  درجہ حرارت 41 ڈگری تک جانے کے امکان ہے۔

شہر قائد میں گرمی کی شدت میں برقرارہے،شہر کا موسم گرم اور مرطوب ہے،موجودہ درجہ حرارت 32ڈگری سینٹی گریڈ ہے،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کاامکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغرب سمت سے 17کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں،ہوا میں نمی کا تناسب 60 سے 70 فیصد کے درمیان ہے ،شہر کا فضائی معیار مضرصحت ہے،پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

’’شدید گرمی بعد بارش برسانے والا سسٹم یکم مئی سے پاکستان میں داخل ہوگا‘‘

اس کے علاوہ  شدید گرمی بعد بارش برسانے والا سسٹم یکم مئی سے پاکستان میں داخل ہوگا، بارش اور تیز ہوائیں چلنے سے گرمی کی شدت میں کمی آئے گی،محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والے سسٹم کے داخل ہونے سے لاہور اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔

لاہور سمیت پنجاب بھر کے اضلاع اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔

مغربی ہوائیں 30 اپریل کی شام سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے،4 مئی تک بالائی اور وسطی علاقوں میں گرج چمک اور ژالہ باری کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی۔
  11 مئی سے شمال مشرقی پنجاب میں نمی والی ہوائیں داخل ہونے کی توقع ہے،کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا میں آندھی، ژالہ باری اور شدید بارش کا امکان ہے،جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں 2 سے 5 مئی کے دوران گرد آلود ہوائیں اور بارش کی توقع ہے۔
  موسلا دھار بارش، ژالہ باری اور آندھی کے باعث کمزور ڈھانچوں اور درختوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے،کسان حضرات فصلوں کو موسم کے مطابق ترتیب دیں، 11 مئی سے ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے۔
  متعلقہ اداروں کو گرمی کی لہر اور طوفانی موسم کے دوران الرٹ رہنے کی ہدایت دیدی گئی۔