اقرار الحسن نے بانی پی ٹی آئی سے معافی مانگ لی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) پاکستان عوام راج تحریک کے سربراہ اقرار الحسن نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے معافی مانگ لی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں اقرار الحسن کا کہنا تھا کہ ہم عید الاضحیٰ کے موقع پر ہزاروں جانوروں کی قربانی کرتے ہیں لیکن اس قربانی کے باوجود نہ ہم کچھ سیکھتے ہیں اور نہ ہی سوچتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنی زندگی میں ایسی بہت ساری باتیں کرتے ہیں جنہیں بات چیت اور دلائل کے ذریعے ٹھیک ثابت کر سکتے ہیں لیکن دل سے ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ وہ بات ٹھیک نہیں ہے، وہ بات نہیں کرنی چاہیے۔
اقرار الحسن کا کہنا تھا کہ ایسی بہت سے باتیں ماضی میں میں نے عمران خان کی ذاتی زندگی اور فیصلوں کے حوالے سے کیں، بطور ایک مداح مجھے ان کے ان فیصلوں سے ذاتی طور پر بھی مایوسی ہوئی لیکن ضمیر یہ کہتا ہے کہ سیاسی اختلاف کے باوجود مجھے ایسی باتیں نہیں کرنی چاہیے تھیں۔
سربراہ پاکستان عوام راج تحریک نے کہا کہ آج میں عید قرباں کے موقع پر اپنی انا کو قربان کرتے ہوئے غیر مشروط طور پر عمران خان ، ان کے اہلخانہ اور ان کے مداحوں سے معافی مانگتا ہوں۔
آپ نے دو سال میری فیملی کو کیا کچھ نہیں کہا میں نے برداشت کیا۔ آپ نے ان فالو اور بلاک کرنے کی مہم چلائی، کوئی فرق نہیں پڑا۔ لیکن آج میں خود اپنی مرضی سے، اپنی انا کی قربانی دے رہا ہوں۔ آئیں پاکستان کا سوچتے ہیں۔ pic.twitter.com/4nvmbGxP5K
— Iqrar ul Hassan Syed (@iqrarulhassan) May 27, 2026
اقرار الحسن کا کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ جب عمران خان جیل سے رہا ہوں تو میں ان سے مل کر بھی معافی مانگوں گا، عمران خان جب تک جیل میں ان پر تنقید نہیں کرنی چاہیے۔
انہوں نے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا جہاں تحریک انصاف کی طاقت ہے وہیں کمزوری بھی ہے، میری پی ٹی آئی سے درخواست ہے اپنی اداؤں پر بھی غور کریں اور اپنے رویوں پر نظرثانی کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ نے دو سال میری فیملی کو کیا کچھ نہیں کہا، میں نے برداشت کیا، آپ نے ان فالو اور بلاک کرنے کی مہم چلائی، کوئی فرق نہیں پڑا لیکن آج میں خود اپنی مرضی سے، اپنی انا کی قربانی دے رہا ہوں آئیں پاکستان کا سوچتے ہیں، پاکستان کے عوام کی بات کرتے ہیں۔