پنجاب اسمبلی، پی ٹی آئی کے 26 ارکان معطل، اسپیکرکا ریفرنس بھیجنے کا اعلان

Jun 28, 2025 | 11:55:AM
پنجاب اسمبلی، پی ٹی آئی کے 26 ارکان معطل، اسپیکرکا ریفرنس بھیجنے کا اعلان
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا کہ ایوان میں ہمیشہ آئین کی پاسداری کی تلقین کی ،ایوان کی حرمت اور نظم و ضبط ہر حال میں برقراررکھا جائیگا۔

اسپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں حکومتی جماعت کو برتری حاصل ہے ،سسٹم کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دیں گے،ایوان میں اپوزیشن ارکان کا رویہ انتہائی افسوسناک ہے،ایوان کی تقدس مقدم رکھنا میری ذمہ داری ہے،رولنگ کے باوجود اپوزیشن ارکان نے شدید ہنگامہ آرائی کی۔

ملک احمد خان نے مزید کہا کہ جمہوری اور پارلیمانی روایات کی پاسداری پر یقین رکھتا ہوں،اپوزیشن کو ہمیشہ مسائل پر بات چیت کرنے کی تلقین کی،پنجاب اسمبلی کا ایوان کوئی اکھاڑہ یا کبڈی کا میدان نہیں ،کچھ سازشی عناصر چاہتے ہیں کہ نظام کو درہم برہم کیا جائے ۔

یہ بھی پڑھیں:  صوبائی اسمبلی،مریم نواز کی تقریر کے دوران ہلڑ بازی، پی ٹی آئی کے 26 ارکان معطل،بڑی پابندی بھی لگ گئی

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے  اپوزیشن کے 26  ارکان کو  15 اجلاسوں کے لیے معطل کردیا اور ان کے خلاف ریفرنس بھیجنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

اسپیکر  پنجاب اسمبلی کے مطابق اپوزیشن کے  26 ارکان کے خلاف  ہنگامہ آرائی،  نعرے،  دھکم پیل اور دستاویزات پھاڑنے پر کارروائی کی گئی، اس دوران رولنگ کی خلاف ورزی پر 26 ارکان کو 15 اجلاسوں کے لیے معطل کردیا گیا۔

معطل ارکان میں ملک فہد مسعود ، محمد تنویر اسلم ، سید رفعت محمود، یاسر محمود قریشی، کلیم اللہ خان ، محمد انصر اقبال، علی آصف ، ذوالفقارعلی،احمد مجتبیٰ چوہدری ،شاہد جاوید، محمد اسماعیل، خیال احمد ، شہباز احمد ، طیب رشید ، امتیاز محمود ، علی امتیاز ، راشد طفیل ، رائے محمد مرتضیٰ، خالد زبیر نصار،چوہدری محمد اعجاز شفیع، صائمہ کنول، محمد نعیم، سجاد احمد، رانا اورنگزیب ، شعیب امیر اور اسامہ اصغر بھی شامل ہیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے پی ٹی آئی کے 26 ارکان کے خلاف ریفرنس بھیجنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ان ارکان کے خلاف ریفرنس آج ہی الیکشن کمیشن کو بھیج دوں گا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے پنجاب اسمبلی میں توڑپھوڑ کرنے پر 10 ارکان پر 20 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کردیا، نوٹیفکیشن کے مطابق 7 روز میں ادائیگی نہ کی گئی تو قانون کے مطابق ریکوری کروائی جائے گی۔

خیال رہے کہ  گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صوبائی اسمبلی میں تقریر کے دوران ہلڑ بازی اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑنے پر سپیکر پنجاب اسمبلی نے پی ٹی آئی کے 26 اراکین کو 15 اجلاسوں کیلئے معطل کردیا۔