بدقسمتی سے ہمارے بزرگوں نے پاکستان سے انصاف نہیں کیا۔۔ وزیر اعظم 

Jun 28, 2021 | 20:58:PM
 بدقسمتی سے ہمارے بزرگوں نے پاکستان سے انصاف نہیں کیا۔۔ وزیر اعظم 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

  (24نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ بدقسمتی سے ہمارے بزرگوں نے پاکستان سے انصاف نہیں کیا،سوئٹزرلینڈ کی خوبصورتی پاکستان کے مقابلے میں کچھ نہیں، نئے پاکستان میں نئی سوچ کے ساتھ کام کرنا ہوگا، پاکستان کے سیاحتی مقامات کو فروغ حاصل ہوگا تو اس علاقے میں پیسہ آئے گا ، نوکریاں ملیں گی۔
تفصیلات کے مطابق پیر کووزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر ناران پہنچے جہاں انہیں سیاحت اور ماحولیاتی تحفظ کے منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔منصوبوں میں دریائے کنہار کے کناروں پر شجر کاری، کمیونٹی ریور رینجرز کو موٹر بائیکس کی تقسیم، دریائے کنہار میں ٹرواٹ مچھلی کی افزائش، ساڑھے پانچ لاکھ ماحول دوست بایو ڈیگریڈیبل بیگز کی فراہمی شامل ہیں۔
اس موقع پر ٹائیگر فورس کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے لوگوں نے درختوں، جنگلات کو تباہ کیا اور یہ نہیں سوچا کہ آنے والی نسلوں کے لیے وہ بھی ویسا ہی پاکستان چھوڑ کر جائیں جیسا ان کو ملا تھا۔وزیراعظم نے کہا کہ میں ساری دنیا میں گھوما اور یورپ کے خوبصورت ترین مقامات دیکھے ہیں، لیکن میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان میں جیسی خوبصورتی ہے شاید ہی دنیا میں کوئی ملک ملے جسے اللہ نے ایسی نعمت بخشی ہو۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کی نعمتوں کا شکر ایسے ادا کیا جاتا ہے کہ ان کا دھیان رکھا جاتا ہے، شکر تو اس وقت ہوتا ہے جب ان کی حفاظت کی جائے۔انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی ریاض خان کو ہدایت کی کہ ان مقامات کی نگہبانی کےلئے مقامی افراد کو چنا جائے جنہیں معلوم ہے کہ درخت کون کاٹتا ہے، یہی ان درختوں کی صحیح سے حفاظت کرسکیں گے اور یہی افراد ان علاقوں کی صفائی کرسکیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال سیاحت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اس لیے کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کا چیلنج یہ ہے کہ جو قانون بنائے جائیں ان پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے، ہوٹلز مالکان پر بھی گندگی نہ پھیلانے کی پابندی لگائی جائے۔انہوں نے کہا کہ حضورنے صفائی کو نصف دین قرار دیا ، ہمارے دین میں صفائی اور پاکیزگی کی بہت زیادہ اہمیت ہے۔انہوں نے صوبائی حکام کو ہدایت کی کہ صفائی کےلئے پورا زور لگایا جائے، سخت سزائیں دی جائیں، گندگی کو ٹھکانے لگانے کا بندوبست کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں یہ نئی سوچ ہے، پہلے ہر جگہ گندگی پڑی ہوتی تھی کوئی فکر نہیں کرتا تھا لیکن اب ہم نے اپنے ملک کو صاف کرنا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ دریائے کنہار میں پائی جانے والی ٹراؤٹ مچھلی کو پورے پاکستان میں پسند کیا جاتا ہے اس لئے مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ اس کی حفاظت کی جارہی ہے اور اس کی پیداوارمیں اضافہ کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں کہ اتنی مچھلیاں نہ پکڑیں جائیں گے یہ ختم ہی ہوجائیں۔انہوں نے کہاکہ سیاحت کی وجہ سے ان علاقوں میں اتنا پیسہ آئے گا کہ ہم یاں بہت ترقیاتی منصوبے بنا سکیں گے اور اس کا ایسا دھیان رکھ سکیں گے جیسے سوئٹزر لینڈ نے اپنے علاقوں کا رکھا، حالانکہ وہ رقبے کے لحاظ سے ہمارے شمالی علاقہ جات کا نصف ہے لیکن انہیں سیاحت سے 80 ارب ڈالر ملتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا پورے ملک کی برآمدات ہی صرف 25 ارب ڈالر ہے، سوئٹزرلینڈ خوبصورتی میں اس علاقے کا مقابلہ نہیں کرسکتا لیکن وہاں قانون اور ان پر عملدرآمد ایسے ہیں کہ کوئی انہیں توڑ نہیں سکتا، وہ اپنے ملک کا دھیان رکھتے ہیں، صفائی رکھتے ہیں اسلیے وہ اتنے خوشحال ہیں۔بات کو جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اب ہم نے بھی اپنے تمام سیاحتی مقامات کا اسی طرح خیال رکھنا ہے اور یہیں سے ہم اتنا پیسہ کمائیں گے اور مقامی افراد کو اتنی نوکریاں ملیں گی انہیں روزگار کے لئے ان علاقوں سے باہر نہیں جانا پڑے گا۔
 یہ بھی پڑھیں۔ سنجے دت کی بہن کا بھائی سے متعلق شرمنا ک انکشاف