خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ

Jul 28, 2025 | 13:52:PM
خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک کے جنڈولہ ڈویژن، جنوبی وزیرستان اَپر و لوئر تینوں اضلاع کے مختلف علاقوں میں شام 7 بجے تک کرفیو نافذ کر دیا گیا ۔
جنوبی وزیرستان اپر کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق کرفیو سیکیورٹی خدشات کے پیش نظرنافذکیاگیاہے، تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے کرفیو کے نفاذ سے متعلق باقاعدہ احکامات بھی جاری کیے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ضلع ٹانک کے جنڈولہ ڈویژن میں کرفیو کی وجہ سے جنڈولہ بازار بھی بند رہے گا اور کوڑ قلعہ سے جنڈولہ تک شاہراہ پر آمد و رفت بھی معطل رہے گی۔
اسی طرح جنوبی وزیرستان اپر کے جنڈولہ تا مدیجان سڑک پر بھی ٹریفک کی آمد و رفت مکمل طور پر بند ہے،ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مولے خان سرائے تا تیارزہ بدر تک کرفیو ہے، اسپین کائی رغزائی تا کوٹکئی بھی سڑک پر آمد و رفت بند رہے گی اور ان تمام علاقوں کے تمام تجارتی مراکز بھی بند ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:جیکب آباد: ریلوے ٹریک پر دھماکہ ، جعفر ایکسپریس کی 3 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں
جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل شکئی سمیت دیگر مختلف علاقوں میں بھی کرفیو نافذ کیا گیا ہے،ڈپٹی کمشنر وانا مسرت زمان کے مطابق کرفیو سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر لگایا گیا ہے، کرفیو کے دوران شکئی بازار مکمل بند رہے گا، وانا تا تیارزہ گیٹ، کرب کوٹ، تنائی، عزیز آباد چوک تا درگئی پل تک آمد و رفت پر بھی مکمل پابندی ہے،ایمرجنسی سفر صرف شناختی کارڈ و اجازت نامے کے بعد ممکن ہوگا۔
احکامات میں عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی گاڑی دیکھ کر اپنی گاڑی 50 میٹر فاصلے پر دور روکیں، تینوں اضلاع میں کرفیو کے نفاذ کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔