وفاقی دارالحکومت میں میوزیکل نائٹ کے دوران نوجوان قتل

Dec 28, 2025 | 22:44:PM
 وفاقی دارالحکومت میں میوزیکل نائٹ کے دوران نوجوان قتل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) نئے سال کی آمد کی خوشی میں منعقد کی گئی تقریب میں اچانک خون خرابہ ہو گیا۔ یہ  واقعہ وفاقی دارالحکومت میں مرکزی تفریح گاہ میں پیش آیا ہے۔

(24نیوز) وفاقی دارالحکومت کے تفریحی مقام شکرپڑیاں (Shakarparian)میں گزشتہ شب ایک  میوزیکل نائٹ ہو رہی تھی۔ تقریب کے دوران اچانک فائرنگ ہوئی جس سے تقریب میں شریک ایک نوجوان  فائرنگ سے جاں بحق ہو گیا، جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے  پر اسلام آباد پولیس نے تھانہ آبپارہ میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق ایف آئی آر مقتول کے کزن عمران اللہ نے درج  کروائی ہے، جس میں چار افراد  صدر اسلام، اسحاق، رضوان اور سوار خان کو  ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ عمران اللہ کے مطابق ان کا مقتول  کزن سمیع اللہ اپنے دوستوں کے ہمراہ تفریح کی غرض سے شکرپڑیاں آیا تھا، جہاں میوزیکل نائٹ کے دوران ملزموں نے اسے نشانہ بنا کر فائرنگ کر دی۔

ایف آئی آر  میں کہا گیا ہے کہ ملزموں نے مقتول سمیع اللہ پر کئی گولیاں چلائیں، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق فائرنگ کے بعد مقتول کو شدید تشدد کا بھی نشانہ بنایا گیا۔ واقعہ گزشتہ رات گئے پیش آیا، جس سے وہاں موجود شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ  کی زد میں آ کر وہاں تعینات ایک پولیس کانسٹیبل غلام حسنین بھی زخمی ہوا، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمی اہلکار کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

آبپارہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ ملزموں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر تکنیکی شواہد کی مدد سے بھی تفتیش کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ اسلام آباد پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔