میلبرن ٹیسٹ :تیسرے دن کا کھیل ختم،میزبان ٹیم نے 241 کی برتری حاصل کرلی

Dec 28, 2023 | 09:50:AM
میلبرن ٹیسٹ :تیسرے دن کا کھیل ختم،میزبان ٹیم نے 241 کی برتری حاصل کرلی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24news.tv
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری میلبرن ٹیسٹ میں تیسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا جس میں آسٹریلیا کو اب تک 241 رنز کی برتری حاصل ہے۔

تیسرے دن کے آغاز پر پاکستانی بلے بازوں محمد رضوان  اور عامر جمال نے 6 وکٹوں کے نقصان پر  194 رنز سے کھیل کی شروعات کی تھی۔محمد رضوان 51 گیندوں پر 42 رنز بناکر کمنز کی گیند پر وارنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، جس کے بعد شاہین آفریدی 21، حسن علی اور میر حمزہ اسکور میں صرف 2-2 رنز کا اضافہ کر پائے جبکہ عامر جمال 80 گیندوں پر 33 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا نے جب اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو شاہینوں نے ان پر تابڑ توڑ حملے کیے، اننگز کی دوسری ہی گیند پر شاہین نے عثمان خواجہ کو چلتا کیا جب کہ لنچ سے پہلے لبوشین کو بھی میدان بدرکردیا۔میر حمزہ نے 2 گیندوں پر 2 شکار کیے جس میں انہوں نے خطرناک بیٹر ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ کو پویلین کی راہ دکھائی۔

میچ کا دوسرا روز 

میچ کے دوسرے روز پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبد اللہ شفیق اور امام الحق نے کیا لیکن امام الحق 10 رنز بنا کر ناتھن لیون کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، عبد اللہ شفیق اور شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 124 رنز پر پہنچایا تو عبداللہ شفیق 62 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔بابر اعظم بھی صرف ایک رن پر پیٹ کمنز کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، شان مسعود بھی 54 رنز پر ناتھن لیون کو چھکا لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ سعود شکیل نے 9 رنز کی اننگز کھیلی۔

سلمان علی آغا 5 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔ دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنا لیے تھے، محمد رضوان 29 اور عامر جمال 2 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

آسٹریلیا کی پہلی اننگز
میلبرن ٹیسٹ کے دوسرے روز کے پہلے سیشن میں پاکستانی پیسرز چھائے رہے اور فاسٹ بولرز نے آسٹریلیا کے 7 کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا، آسٹریلیا کی پوری ٹیم 318 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی، میر حمزہ اور حسن علی کے حصے میں دو دو وکٹیں آئیں، ایک کھلاڑی کو سلمان علی آغا نے آؤٹ کیا۔

3 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں پہلے روز کے کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز اسکور کیے تھے۔