کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی کےپروفیسر ڈاکٹر سید رضاکو ریٹائرمنٹ پر زبردست خراجِ تحسین
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے شعبہ امراض چشم یونٹ 2 کے سربراہ اور معروف ماہر امراض چشم پروفیسر ڈاکٹر سید رضا علی شاہ کے سرکاری دورِ خدمت کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر کالج آف آفتھلمالوجی اینڈ آلائیڈ ویژن سائنسز (COAVS) اور انسٹی ٹیوٹ آف آفتھلمالوجی کی جانب سے زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
پروفیسر ڈاکٹر سید رضا علی شاہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور کے شعبہ امراض چشم میں عرصہ 02 سال سے پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے ،ان کی متاثر کن اور بے لوث خدمات کے اعتراف میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز تھے اور دیگر ممتاز شخصیات میں پرنسپل کالج آف آپتھلمولوجی اینڈ الائیڈ وژن سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد معین، پروفیسر ایمریٹس ڈاکٹر اسد اسلم خان، صدر آپتھالمولوجیکل سوسائٹی آف پاکستان لاہور برانچ پروفیسر ڈاکٹر جاوید چوہدری، صدر منتخب OSP لاہور پروفیسر ڈاکٹر قاسم لطیف، رجسٹرار کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اصغر نقی، پروفیسر آف آپتھالمولوجی ڈاکٹر ناصر چوہدری، چیف ایگزیکٹو آفیسر میو اسپتال پروفیسر ہارون حامد، پروفیسر آف سرجری کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ابرار اشرف، پروفیسر ڈاکٹر سلیم اختر، پروفیسر آف انیستھیسیہ ڈاکٹر زارا اشرت، پروفیسر ڈاکٹر میاں ارشد، ڈاکٹر آفتاب اظہر، پروفیسر ڈاکٹر حماد ایوب، پروفیسر میاں شفیق، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ میو اسپتال ڈاکٹر عبدالمدبر ریحان شامل تھے. اس تقریب میں پروفیسر رضا کے قریبی خاندان والے، اساتذہ، سٹاف اور طلباء کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔
وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے اپنے خطاب میں ڈاکٹر رضا علی شاہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی غریب اور ضرورت مند مریضوں کی خدمت جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر COAVS کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد معین نے کہا کہ پروفیسر رضا ایک سچے فائٹر ہیں، جنہوں نے انسٹیٹیوٹ آف آپتھالمولوجی میں اپنے قیام کے دوران شعبہ امراض چشم کو پنجاب میں نگہداشتِ چشم کی خدمات میں سرفہرست رکھا۔ پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم خان نے بھی ان کی نابینا پن کی روک تھام کے لیے کی گئی خدمات کو سراہا۔
پروفیسر ڈاکٹر سید رضا علی شاہ نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "آج کا دن میرے لیے انتہائی جذباتی اور ملگجے احساسات کا حامل ہے، سرکاری دورِ خدمت کے اختتام پر یہ سوچ کر اطمینان ہے کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے اتنی طاقت دی کہ میں ہزاروں مریضوں کی بینائی بحال کر سکا اور نئی نسل کے سینکڑوں ڈاکٹروں کو تربیت دے سکا۔ یہ میری زندگی کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں، میں اپنے تمام اساتذہ، ساتھیوں اور شاگردوں کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں جنہوں نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا۔ ریٹائرمنٹ سرکاری ملازمت کا اختتام ہے، خدمتِ خلق کا نہیں،میں آج بھی اپنے آپ کو اُسی عزم کے ساتھ ان غریب اور نادار مریضوں کی خدمت کے لیے وقف کرتا ہوں جو بینائی کے لیے کسی معجزے کا منتظر ہیں،میں نے جو کچھ حاصل کیا ہے وہ اس ادارے اور اس ملک کی عطا ہے، اب باقی زندگی اس قرض کو اتارنے میں گزاریں گے۔"
تقریب کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر ناصر چوہدری نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر رضا اپنے مریضوں، طلباء اور ساتھیوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
یہ تقریب نہ صرف ایک عظیم استاد کو خراجِ تحسین تھی بلکہ آنکھوں کی صحت کے شعبے میں ان کی خدمات کا اعتراف بھی تھی، جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس سے تنگ شہری ہائی وولٹج کھمبے پر چڑھ گیا