مشرق وسطٰی جنگ سے ٹیک کمپنیوں کو بڑا دھچکا،سرکٹ بورڈ کی سپلائی متاثر ، قیمتیں40 فیصد بڑھ گئیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )مشرق وسطیٰ جنگ نے ٹیک کمپنیوں میں خام مال کی سپلائی چین کو برُی طرح متاثر کیا ہے ، تقریباً تمام الیکٹرانک آلات،سمارٹ فونز اور کمپیوٹرز سے لے کر اے آئی سرورز تک میں استعمال ہونے والے پرنٹڈ سرکٹ بورڈز (PCB) کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
یہ خلل الیکٹرانکس بنانے والی کمپنیوں کے لیے ایک نیا دھچکا ہے، جو پہلے ہی میموری چِپس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے نمٹ رہی ہیں، اور یہ ایران کی جنگ کے وسیع اثرات کو بھی ظاہر کرتا ہے جس نے سپلائی چینز، پلاسٹکس اور تیل کی فراہمی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
اپریل کے اوائل میں ایران نے سعودی عرب کے جُبَیل پیٹروکیمیکل کمپلیکس پر حملہ کیا، جس کے باعث ہائی پیوریٹی پولی فینائلین ایتھر (PPE) ریزن کی پیداوار رک گئی،یہ ایک اہم بنیادی مادہ ہے جو PCB لیمینیٹس بنانے میں استعمال ہوتا ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی کمپنی سابک (SABIC)، جو دنیا کی تقریباً 70 فیصد ہائی پیوریٹی PPE سپلائی فراہم کرتی ہے اور خلیجی ساحل پر واقع جُبَیل کمپلیکس میں کام کرتی ہے، اب تک پیداوار بحال نہیں کر سکی، جس کے باعث عالمی سطح پر اس مادے کی دستیابی شدید متاثر ہوئی ہے، جنگ کے باعث خلیج میں آنے جانے والی شپنگ بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
گزشتہ سال کے آخر سے PCB کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، جس کی وجہ اے آئی سرورز کی بڑھتی ہوئی طلب ہے، تین صنعتی ذرائع کے مطابق مارچ سے طلب میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے کیونکہ مینوفیکچررز خام مال کو محفوظ بنانے اور بڑھتی ہوئی لاگت کے اثرات کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
گولڈمین ساکس کے تجزیہ کاروں نے ایک حالیہ نوٹ میں بتایا کہ صرف اپریل میں ہی PCB کی قیمتیں مارچ کے مقابلے میں 40 فیصد تک بڑھ گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کلاؤڈ سروس فراہم کرنے والے مزید اضافے قبول کرنے کے لیے تیار ہیں کیونکہ انہیں توقع ہے کہ آنے والے برسوں میں طلب رسد سے زیادہ رہے گی۔
پرزمارک کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق عالمی PCB صنعت 2026 میں 12.5 فیصد بڑھ کر 95.8 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے،جنوبی کوریا کی PCB بنانے والی کمپنی ڈیڈک الیکٹرانکس، جس کے صارفین میں سام سنگ الیکٹرانکس، ایس کے ہائنکس اور اے ایم ڈی شامل ہیں، نے قیمتوں میں اضافے پر صارفین کے ساتھ بات چیت شروع کر دی ہے۔
کمپنی کے ایک سینئر ایگزیکٹو نے رائٹرز کو بتایا کہ کہ اب اس کی ترجیح صارفین کے بجائے سپلائرز ہو گئی ہے کیونکہ ایپوکسی ریزن جیسے کیمیائی مواد کی فراہمی کا انتظار تین ہفتوں سے بڑھ کر 15 ہفتے ہو گیا ہے۔ PCB کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ دیگر اہم مواد جیسے گلاس فائبر اور کاپر فوائل کی کمی کے باعث بھی ہوا ہے۔
اس سال اب تک کاپر فوائل کی قیمتیں 30 فیصد تک بڑھ چکی ہیں، اور مارچ میں اس اضافے میں مزید تیزی آئی،چینی کمپنی وکٹری جائنٹ ٹیکنالوجی کے مطابق، PCB کی تیاری میں خام مال کی مجموعی لاگت کا تقریباً 60 فیصد حصہ تانبے پر مشتمل ہوتا ہے۔ کمپنی نے اس ماہ کے آغاز میں خبردار کیا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ کا تنازع ریزن اور تانبے سمیت اہم مواد کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر سکتا ہے۔
وکٹری جائنٹ کے مطابق ملٹی لیئر PCB کی قیمت تقریباً 1,394 یوآن (204 ڈالر) فی مربع میٹر ہو سکتی ہے، جبکہ اے آئی سرورز کے لیے اعلیٰ معیار کے ماڈلز کی قیمت تقریباً 13,475 یوآن تک پہنچ سکتی ہے ۔
یہ بھی پڑھیں :قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں غیرقانونی طور پر مقیم افراد کو نکالنے کا حکم