وزیر اعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کے اعلیٰ سرمایہ دار وفد کی ملاقات
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز )وزیراعظم شہباز شریف سے مشیر شاہی دربار اور جنرل سیکرٹری سعودی پاکستان سپریم کوارڈینیشن کونسل محمد بن مزیاد آل تو یجری کی سربراہی میں وفد کی ملاقات ،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار ،وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر پاور اویس احمد خان لغاری ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔
ملاقات میں دونوں اطراف سے معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے غیر معمولی گرمجوشی کا اظہار خیال کیا گیا ، ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ کے وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے کے دوران پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری پر ہوئی پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا،آل تجویری اور ان کے وفد نے پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے سعودی حکومت اور کمپنیوں کی طرف سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا ، آل تویجری نے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ کے پاکستان کے دورے کے بعد پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کی جانب سے ترجیحی اورجنگی بنیادوں پر کام شروع کر دیا ہے، جس میں سرکاری اور نجی سیکٹر دونوں کی سرمایہ کاری شامل ہے، سعودی کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں پر مشتمل اہم وفد انتہائی کم وقت میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔
سعودی عرب کے ویژن 2030 کے انچارج آل تجویری نے وزیراعظم کو ویژن 2030 کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ چاہتے ہیں پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات سعودی ویژن 2030 کے تناظر میں آگے بڑھیں ، سعودی ویژن 2030 کے تحت پاکستانی افرادی قوت و سرکاری افسران کو تربیت فراہم کرنے کے حوالے سے ہر ممکن مدد کریں گے،ملاقات میں وزیر اعظم پاکستان کو سعودی حکومت کے اصلاحات کے ایجنڈے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کی گورننس سٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے سعودی حکومت کی کامیاب اصلاحاتی پالیسی کے تجربے سے مستفید ہونا چاہتے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں ،انہوں نے کہا سعودی وزیر خارجہ کی زیر قیادت وفد کی پاکستان آمد کے دوران سعودی عرب کی پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے نمایاں پیشرفت ہوئی ، سعودی وفد کے دورہ پاکستان کے دوران ہوئی پیشرفت پر برق رفتاری سے آگے بڑھ رہے ہیں، پاکستانی عوام کے دل میں خادم الحرمین الشریفین سلمان بن عبد العزیز آل سعود کے لیے بے پناہ عزت و احترام ہے،وزیراعظم نے اپنے پر تپاک استقبال اور شاندار میزبانی پر سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم کا شکریہ بھی ادا کیا۔