امیرالدین میڈیکل کالج میں پروفیشنل اِزم ان میڈیسن پر جامع لیکچر
کامیاب معالج وہی ہوتاہے جو مریض کی خدمت کو اپنی زندگی کا مشن بنائے: پروفیسر مسعود صادق
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز چلڈرن ہسپتال لاہور کے وائس چانسلر اور ممتاز ماہر اطفال پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق نے امیرالدین میڈیکل کالج لاہور میں پروفیشنلزم اِن میڈیسن کے موضوع پر ایک جامع اور بامقصد لیکچر دیا۔
گرینڈ کلینیکل لیکچر کی صدارت پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کی،تقریب میں ایم ایس پروفیسر فریاد حسین، پروفیسر محمد شاہد،پروفیسر نازش ثقلین،ڈاکٹر جاوید مگسی،ڈاکٹر عبدالعزیز سمیت میڈیکل فیکلٹی ممبرز، ڈاکٹرزاور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پروفیسر مسعود صادق نے اپنے لیکچر میں میڈیکل پروفیشن سے منسلک اخلاقی اور پیشہ ورانہ تقاضوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ ایک کامیاب معالج وہی ہوتا ہے جو علم، مہارت اور اخلاقیات کو یکجا کرتے ہوئے مریض کی خدمت کو اپنی زندگی کا مشن بنائے،طب ایک مقدس پیشہ ہے جسے صرف روزگار کا ذریعہ نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کے ایک اعلیٰ منصب کے طور پر اپنانا چاہیے،انہوں نے نوجوان ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ خوش اخلاقی، تحقیق، وقت کی پابندی اور ٹیم ورک جیسے اوصاف کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔
پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے شعبہ صحت میں کیے جانے والے انقلابی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت جدید طبی سہولیات کی فراہمی،سرکاری ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور میڈیکل ایجوکیشن کے معیار کو بلند کرنے کے لیے قابلِ تحسین اقدامات کر رہی ہے،انہوں نے نوجوان ڈاکٹروں کو تلقین کی کہ وہ خدمتِ خلق، تحقیق اور اعلیٰ پیشہ ورانہ اخلاقیات کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں۔
لیکچر کے اختتام پر طلبہ نے سوال و جواب کے سیشن میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور پروفیسر مسعود صادق کا شکریہ ادا کیا، شرکاء نے اس لیکچر کو پیشہ ورانہ تربیت کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے اس سلسلے کو جاری رکھنے پر زور دیا۔