وزیر اعلیٰ پنجاب کے سٹروک مینجمنٹ پروگرام کے ثمرات، عید پر 4 زندگیاں بچا لی گئیں

Mar 26, 2026 | 12:24:PM
وزیر اعلیٰ پنجاب کے سٹروک مینجمنٹ پروگرام کے ثمرات، عید پر 4 زندگیاں بچا لی گئیں
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(راؤ دلشاد)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے سٹروک مینجمنٹ پروگرام نے عیدالفطر کے ایام میں انسانی خدمت اور احساس کی مثال قائم کرتے ہوئے فالج کے شکار 4 قیمتی جانیں بچا لیں۔

ذرائع کے مطابق عید کے دوران لاہور میں خاتون سمیت 4 افراد کو فالج کا شدید اٹیک ہوا، جنہیں فوری طور پر سروسز ہسپتال لاہور منتقل کیا گیا۔

 سٹروک مینجمنٹ سنٹر میں نیوروفزیشن ٹیم نے بروقت علاج فراہم کیا، جس سے مریض نہ صرف معذوری سے بچ گئے بلکہ ان کی جانیں بھی محفوظ رہیں۔

وزیراعلیٰ سٹروک مینجمنٹ پروگرام کے تحت مریضوں کو "ٹی این کے" انجکشن لگائے گئے، جن کے استعمال سے چاروں مریض چند گھنٹوں میں فالج کے خطرناک اثرات سے باہر نکل آئے۔

متاثرہ افراد میں 75 سالہ محمد اختر شامل ہیں، جنہیں نماز عید کی ادائیگی کے دوران عید گاہ میں فالج کا اٹیک ہوا اور انہیں فوری طور پر سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں علاج شروع کیا گیا۔

 اسی طرح 70 سالہ طلعت محمود اور 63 سالہ شریفہ بی بی کو بھی عید کے دوران فالج کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں ایمرجنسی میں فوری طبی امداد دی گئی۔

مزید پڑھیں:لاہور میں میٹرک کے سالانہ امتحانات 27 مارچ سےشروع

مریضوں اور ان کے اہل خانہ نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دعائیں دیں، جبکہ سٹروک مینجمنٹ سنٹر کی ٹیم کو بھی بروقت علاج پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔

مریض طلعت محمود کا کہنا تھا کہ وہ ایک غریب آدمی ہیں اور فالج کا مہنگا انجکشن برداشت نہیں کر سکتے تھے۔

محمد امانت کے بیٹے نے کہا کہ ان کے والد کو عید نماز کے دوران فالج کا اٹیک ہوا، تاہم ڈاکٹروں نے توقع سے بڑھ کر دیکھ بھال کی۔

ماہرین کے مطابق بینائی متاثر ہونا، منہ کا ٹیڑھا ہونا اور بولنے میں دشواری فالج کی نمایاں علامات ہیں، جن پر فوری توجہ ضروری ہے۔

ڈاکٹر محمد عدنان نے کہا کہ مریض کو 3 سے 4 گھنٹے کے گولڈن آور میں قریبی سٹروک مینجمنٹ سنٹر پہنچانا انتہائی اہم ہوتا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہر مریض کا بروقت علاج اس کا بنیادی حق ہے اور حکومت ہر صورت یہ حق عوام تک پہنچائے گی۔