ویمن ٹیم کا دورہ آئرلینڈ روانگی کی تیاریاں،ٹیم گرین نے ٹیم وائٹ کو 15 رنز سے شکست دے دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(وسیم احمد)قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے آئرلینڈ کے مجوزہ دورے سے قبل کراچی میں جاری سکلز اینڈ فٹنس کیمپ کے 19ویں روز ٹیم گرین اور ٹیم وائٹ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی پریکٹس میچ کھیلا گیا جس میں ٹیم گرین نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم وائٹ کو 15 رنز سے شکست دے دی۔
ٹیم گرین نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنائے،بلے بازوں میں سائرہ جبیں 31 رنز (37 گیندیں) گل فیروزہ 28 رنز (27 گیندیں) اور نتالیہ پرویز 15 رنز (17 گیندیں) کے ساتھ نمایاں رہیں،ٹیم وائٹ کی طرف سے رامین شمیم نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 وکٹیں 15 رنز کے عوض حاصل کیں۔
جواب میں ٹیم وائٹ کی بیٹنگ لائن 17.5 اوورز میں 110 رنز پر ڈھیر ہو گئی،سدرہ امین نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 22 گیندوں پر 36 رنز اور صدف شمس نے 23 گیندوں پر 24 رنز سکور کیے،ٹیم گرین کی کامیابی میں اہم کردار باؤلر طوبہ حسن نے ادا کیا، جنہوں نے صرف 20 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔
سعدیہ اقبال نے بھی نپی تلی باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس اور مہارت کو نکھارنے کے لیے ٹریننگ سیشنز کے ساتھ ساتھ میچ پریکٹس کا سلسلہ بھی جاری ہے تاکہ آئرلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے مضبوط کمبی نیشن تیار کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ کا شیڈول جاری ، پاک بھارت میچ 14 ستمبر کو ہوگا