لیڈی گاگا کامغوی کتوں کی واپسی پر 8کروڑ روپے انعام کا اعلان

Feb 26, 2021 | 15:01:PM
لیڈی گاگا کامغوی کتوں کی واپسی پر 8کروڑ روپے انعام کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)معروف امریکی گلوکارہ و اداکارہ لیڈی گاگا، جو اپنے گانوں اور پرفارمنس کی وجہ سے دنیا بھر میں شہرت رکھتی ہیں، انہوں نے حال ہی میں اپنے اغوا ہونے والے دو کتوں کو واپس لانے والے کو کروڑوں روپے انعام میں دینے کا اعلان کردیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی ملک اٹلی کے شہر روم میں کسی فلم کی شوٹنگ کے لیے موجود لیڈی گاگا نے اپنے نایاب کتوں کی باحفاظت واپسی کے لیے 5 لاکھ امریکی ڈالر انعام میں دینے کا اعلان کردیا۔لیڈی گاگا نے پولیس کو بتایا کہ جو کوئی بھی شخص ان کے فرانسیسی نسل کے کتوں کو باحفاظت واپس لائے گا، اسے 5 لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی تقریبا 8 کروڑ روپے ادا کیے جائیں گے۔

اداکارہ و گلوکارہ نے کتوں کی باحفاظت واپسی کے لیے دوسری کوئی شرائط نہیں رکھیں،ڈاکوؤں نے گلوکارہ کے کتے اس وقت ان کے ملازم سے چھینے جب لیڈی گاگا کا ملازم کتوں کو ٹہلانے اور سیر کرانے کے لیے گھر سے باہر نکلا تھا۔ لیڈی گاگا کے پاس تین نایاب نسل کے کتے ہیں، جن میں ایک کتیا ہے، جس کا نام مس ایشیا ہے، جو دیگر فرانسیسی نسل کے کتوں سے زیادہ چالاک نکلی اور ڈاکوؤں سے فرار ہوگئی تھی، جسے بعد میں گلوکارہ کے اسٹاف نے برآمد کیا تھا۔ڈاکو لیڈی گاگا کے ملازم پر فائرنگ کرکے ان سے کتے چھین کر فرار ہوگئے تھے اور گلوکارہ روم میں کتوں کے اغوا کیے جانے کی خبر کے بعد مایوس دکھائی دیں۔

لیڈی گاگا نے اپنے پیارے کتوں کی واپسی کے لیے لاس اینجلس کی پولیس کے تعاون سے یہ اعلان کردیا کہ جو شخص بھی ان کے کتوں کو واپس لائے گا، اسے 8 کروڑ روپے تک انعام دیا جائے گا۔ ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کی پولیس کے مطابق حالیہ چند ماہ میں شہروں میں نایاب نسل کے کتوں کو اغوا کیے جانے کے واقعات میں تیزی دیکھی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق زیادہ تر شخصیات اور امیر لوگوں کے پاس فرانسیسی نسل کے نایاب کتے ہیں، جن کی عالمی مارکیٹ میں بہت مانگ ہے اور چور ان کتوں کو ہزاروں ڈالر کے عوض فروخت کرتے ہیں۔پولیس نے کتے پالنے والے افراد کو تجویز دی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر کتوں کی تصاویر شیئر نہ کریں اور نہ ہی ان سے متعلق کسی کو کوئی معلومات فراہم کریں۔

پولیس نے کتوں کے مالکان کو یہ تجویز بھی دی ہے کہ کتوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے خفیہ کیمرے نصب کرنے سمیت ان کی تفریح کا بندوبست گھر کے اندر ہی کیا جائے۔