لحاظ کر رہا ہوں۔۔ میرا منہ نہ کھلوائیں۔۔ اسپیکر پرویزالہیٰ پنجاب حکومت پر برہم

Feb 26, 2021 | 10:28:AM
 لحاظ کر رہا ہوں۔۔ میرا منہ نہ کھلوائیں۔۔ اسپیکر پرویزالہیٰ پنجاب حکومت پر برہم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی ایمرجنسی سروسز بل ایوان میں پیش نہ کئے جانے پر پنجاب حکومت پر برہم ہوگئے۔وزیرقانون راجہ بشارت کو کھری کھری سناتے ہوئے کہا راجہ صاحب میرا منہ نہ کھلوائیں کہ کون کون سے بل کیسے پاس ہوئے۔جب تک یہ بل ہاؤس میں پیش نہیں کیا جائے گا اجلاس کی کارروائی آگے نہیں چلے گی۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر اور صوبائی وزیرقانون آمنے سامنے آگئے۔اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی ایمرجنسی سروسز بل ایوان میں پیش نہ کئے جانے پر احتجاجاً پنجاب اسمبلی کا اجلاس بغیر کارروائی کے احتجاجاً یکم مارچ تک ملتوی کردیا۔چودھری پرویزالہٰی کا کہنا تھا اسمبلی کے اندرکئے جانے والے وعدے پرعمل کروانا میرے فرائض میں شامل ہے،اس بارے میں غفلت نہیں برتی جا سکتی۔اگر ہم اس ہاؤس کی عزت میں اضافہ نہیں کریں گے تو آخر کار نقصان سب کا ہے۔ہم رکاوٹیں ڈالنے والوں کو برداشت کر رہے ہیں۔مجھے پتہ ہے کہاں سے مخالفت ہو رہی ہے ،مجھے بیوروکریسی کے پیچھے چھپے ہوئے ان لوگوں کا بھی علم ہے لیکن لحاظ کر رہا ہوں،نا سمجھ لوگوں کو معلوم نہیں کہ اگر پردہ ختم ہو گیا تو پارلیمنٹ کی لڑائی کہاں تک جائے گی۔ اپنے فرائض کو سمجھتے ہیں،انسانیت کی خدمت کرنے والے ادارے اور اسکے اہلکاروں کے خلاف نہیں جا سکتے۔

وزیرقانون راجہ بشارت نے جواب میں کہا کہ جناب سپیکر! آپ ریسکیو کے ڈی جی کو تاحیات تعینات کرنا چاہتے ہیں تو کر دیں تاہم کسی فرد واحد کے لیے آئینی و قانونی تقاضے بالائے طاق نہیں رکھے جا سکتے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمانی تاریخ میں فرد واحد کے لیے قانون سازی کی ایسی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ پنجاب ایمرجنسی کونسل کے بل میں ترامیم کے تناظر میں یہ منی بل ہے جسے پیش کرنے کے لیے کابینہ کی منظوری لازم ہے جبکہ ریسکیو 1122 سے متعلق ایکٹ میں ترمیمی بل پرائیویٹ ممبر کے بل کے طور پر نہیں لایا جا سکتا
چودھری پرویز الہٰی نے کہا راجہ صاحب میرا منہ نہ کھلوائیں کہ کون کون سے بل کیسے پاس ہوئے۔اسپیکر کی صوابدیدی اختیار ہے وہ فیصلہ کرے کہ کونسا کونسا بل منی بل ہے یا نہیں،انہوں نے کہا پنجاب ایمرجنسی سروس ترمیمی بل 2012 منی بل نہیں ہے۔جب تک یہ بل ہاؤس میں پیش نہیں کیا جائے گا اجلاس کی کارروائی آگے نہیں چلے گی۔

وزیر قانون کا کہنا تھا کہ ترامیم کے حوالے سے آئینی تقاضے پورے کئے جا رہے ہیں ، ڈی جی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی کردیاگیا ہے ۔ ریسکیو 1122 کو محکمہ داخلہ سے ایس اینڈ جی اے ڈی میں شامل کرنے کے احکامات بھی جاری ہو چکے ہیں۔