جن جماعتوں نے30سال حکومت کی آج وہ اپنا منہ چھپا رہی ہیں، فواد چوہدری 

Aug 26, 2021 | 22:08:PM
 جن جماعتوں نے30سال حکومت کی آج وہ اپنا منہ چھپا رہی ہیں، فواد چوہدری 
کیپشن: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین ن(فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں جن جماعتوں نے 30 سال حکومت کی، آج وہ اپنا منہ چھپا رہی ہیں، تحریک انصاف واحد حکومت ہے جو عوام کے سامنے اپنی کارکردگی فخر کے ساتھ پیش کر رہی ہے، تمام وزارتوں کی کارکردگی پیش کرنا نئی روایت ہے، آج ہماری خارجہ پالیسی خوداری پر مبنی ہے، افغانستان میں ہمارے کردار کی آج پوری دنیا معترف ہے۔وزیراعظم عمران خان پاکستان کو عالمی افق پر واپس لائے، کشمیر، فلسطین سمیت دیگر بڑے مسائل پر ہماری ایک آواز ہے، تحریک انصاف کی حکومت نے کسان کے مفاد میں کئی اقدامات اٹھائے، نچلے طبقے کے لئے احساس پروگرام شروع کیا، سائنس و ٹیکنالوجی سمیت کئی شعبوں میں جدت لائی، ہم نے عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کئے۔

تفصیلات کے مطابق چودھری فواد حسین نے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کےہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج تین سال مکمل ہونے پر ہمارا موٹو لگن، انصاف، انسانیت اور خودداری ہماری منزل ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے انصاف، انسایت اور خودداری کے لئے کام کیا، ماضی میں 30 سال حکومتیں کرنے والے آج اپنا منہ چھپا رہے ہیں تاہم وزیراعظم عمران خان کی زیر قیادت تحریک انصاف کی حکومت اپنی تین سالہ کارکردگی فخر کے ساتھ عوام کے سامنے پیش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت میں جرات نہیں کہ وہ عوام کے سامنے آ کر ان سے کئے گئے وعدوں پر اپنی کارکردگی پیش کر سکے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آج تمام وزارتوں کی تین سالہ کارکردگی پر مبنی ایئر بک کا بھی افتتاح کر رہے ہیں، ہر وزارت اپنی کارکردگی عوام کے سامنے پیش کر رہی ہے، ہم نے عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کئے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات آج کی تقریب کی میزبان ہے، حکومت تمام وزارتوں کی کارکردگی عوام کے سامنے پیش کرے گی۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ہم پورے اعداد و شمار اور حقائق کے ساتھ اپنی کارکردگی رپورٹ عوام کے سامنے رکھیں گے، ہم نے کسان کی فلاح کے لئے کئی اقدامات اٹھائے، کسان کی آمدن میں اضافہ ہوا، کسان کو 1100 ارب روپے کی اضافی آمدن ہوئی، جب آمدن میں اضافہ ہوتا ہے تو مہنگائی میں اضافہ غیر متعلقہ ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا ہم نے نچلے طبقے کے لئے احساس پروگرام شروع کیا، پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ستر سال بعد بڑی اصلاحات کیں، سائنس و ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں جدت لائی گئی، آج ہماری خارجہ پالیسی خوداری پر مبنی ہے، افغانستان میں ہمارے کردار کی پوری دنیا معترف ہے، وزیراعظم عمران خان پاکستان کو عالمی افق پر واپس لائے، مسلم امہ کی لیڈر شپ پاکستان پر واپس آئی، کشمیر، فلسطین سمیت دیگر بڑے مسائل پر ہماری ایک آواز ہے، افغانستان کے حوالے سے ہمارا کردار دنیا کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا  تحریک انصاف اپنے پانچ سال مکمل کرے گی اوراگلے پانچ سال بھی تحریک انصاف کے ہی ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:  طالبان کے آتے ہیں بھارت نے افغانوں سے نظریں پھیر لیں۔ افغان ممبر پارلیمنٹ رنگینہ کارگر کو ڈی پورٹ کر دیا