زینت امان نے سوشل میڈیا سے دوری کی وجہ بتادی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بالی ووڈ کی معروف اداکارہ زینت امان نے سوشل میڈیا سے دوری کی وجہ بتادی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے ہسپتال کے بستر سے تصاویر شیئر کرتے ہوئے سوشل میڈیا سے غائب رہنے کی وجہ بتا دی۔
انہوں نے طویل پوسٹ شیئر کرتے ہوئے سوشل میڈیا سے مختصر وقفہ لینے کی وجہ بتاتے ہوئےکہا کہ صحت کی خرابی کی وجہ سے کچھ عرصے سے ہسپتال میں زیرِ علاج تھی تاہم اب ڈسچارج ہو گئی ہیں۔
زینت امان کی پوسٹ کی گئی پہلی تصویر میں انہیں ہسپتال کے ریکوری روم میں دیکھا جا سکتا ہے، تصویر میں اداکارہ کسی کو اشارہ کر رہی ہیں،تاہم مذکورہ شخص فریم میں نہیں ہے۔
دوسری تصویر میں سینئر اداکارہ کھانا کھاتے ہوئے اپنی بائیں آنکھ ہاتھ سے ڈھانپتے ہوئی دکھائی دیں جبکہ تیسری تصویر ان کے عقب سے لی گئی ہے جس میں وہ ہسپتال کے بستر پر بیٹھی ہوئی ہیں اور کمرے میں ہسپتال کا عملہ بھی موجود ہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ریکوری روم سے ہیلو، اگر آپ سمجھ رہے ہیں کہ میں نے سوشل میڈیا چھوڑ دیا ہے تو اس کا الزام میں آپ کو نہیں دوں گی کیونکہ گزشتہ چند ہفتوں سے میرا پروفائل غیر فعال رہا ہے، جس کی وجہ کچھ زیرِ التواء میڈیکل پروسیجرز تھے، تاہم اب میں واپس آ گئی ہوں، آپ سب کو انسٹاگرام پر کہانیاں سنانے، اگر آپ کسی مخصوص عنوان پر کچھ جاننا چاہتے ہیں تو کمنٹس میں بتائیں۔
اس کے ساتھ ہی بالی ووڈکی سینئر اداکارہ نے انسٹاگرام پر 2 سال مکمل ہونے کا جشن مناتے ہوئے لکھا کہ میں نے رواں سال فروری میں انسٹاگرام پر 2 سال مکمل کر لیے جبکہ اپریل میں میرے فالوورز کی تعداد 8 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے،جب میں نے انسٹا گرام کا استعمال شروع کیا اس وقت بہت خوفزدہ تھی لیکن اب ایسا نہیں ہے، مگر اس اکاؤنٹ کو مونیٹائز کروانے سے پہلے میں یہ یاد دلانا چاہتی ہوں کہ انسٹاگرام حقیقت نہیں ہے، ماضی میں مشہور مصنوعات کی توثیق ٹی وی یا اشتہارات کے ذریعے اعلانیہ ہوا کرتی تھی لیکن اب ایسا نہیں ہے۔
زینت امان نے مزید لکھا کہ چونکہ آپ سب مجھے میرے بیٹوں سے زیادہ سنجیدگی سے لیتے ہیں اس لیے آپ کو مشورہ دوں گی کہ سوشل میڈیا کا استعمال خالی دماغ 6، 6 گھنٹے نہ کریں، بغیر سوچے سمجھے جو نظر آ رہا ہے اسے خریدنے نہ بھاگیں، اپنے اعصاب پر قابو رکھیں، مکمل صحت یاب ہونے پر آپ سب کے ساتھ دوبارہ پہلے کی طرح متحرک انداز میں رابطہ کروں گی۔
اداکارہ کی پوسٹ کے کمنٹس میں صارفین نے ان کی جلد مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
زینت امان جلد نیٹ فلکس سیریز"دی رائیلز" میں بھی نظر آئیں گی جو 9 مئی کو ریلیز ہورہی ہے۔